امن کیلئے کردار ادا کرتے رہیں گے، دنیا بھارتی جارحانہ رویے کا نوٹس لیت : شاہ محمود
راولپنڈی (جنرل رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت سابق خارجہ سیکرٹری کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں کرونا صورتحال مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم، بھارتی جارحیت کے پیش نظر فیصلے میں امن و امان کی صورتحال، افغان امن عمل خطے کی مجموعی صورتحال سمیت خارجہ امور پر مشاورت کی گئی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کرونا کے پاکستانی معیشت پر اثرات شدید نوعیت کے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی قرض ریلیف تجویز کو پذیرائی مل رہی ہے۔ کرونا کے بعد کشمیری عوام دہرا لاک ڈاؤن برداشت کر رہے ہیں۔ بھارت ایل او سی پر مسلسل معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔ بھارت خطے کا امن تباہ کرنا چاہتا ہے۔ عالمی برادری بھارتی جارحانہ رویے کا نوٹس لے۔ یو این سیکرٹری جنرل صدر سکیورٹی کونسل کو بھارتی عزائم سے آگاہ کیا ہے۔ پاکستان خطے میں امن و استحکام کیلئے اپنا کردار بھرپور انداز میں ادا کرتا رہے گا، افغانستان میں دیرپا امن و استحکام پورے خطے کی تعمیر و ترقی کیلئے ناگزیر ہے۔ یہ بات انہوں نے حال ہی میں تعینات ہونیوالے پاکستان کے خصوصی ایلچی برائے افغانستان محمد صادق سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، جنہوں نے ہفتہ کو وزارت خارجہ میں ان سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا پاکستان نے مشترکہ ذمہ داری کو نبھاتے ہوئے خلوص نیت کے ساتھ افغان امن عمل میں مصالحانہ کردار ادا کیا جسے آج دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے۔ وزیر خارجہ نے ایمبیسڈر محمد صادق کو خصوصی ایلچی برائے افغانستان تقرری پر مبارکباد اور خصوصی ہدایات دیتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ آپ جیسے وسیع تجربہ کے حامل سفارت کار کی اس اہم منصب پر تعیناتی سے پاک افغان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں مدد ملے گی۔