چینی سکینڈل میں شریف خاندان سمیت کوئی نہیں بچے گا: شیخ رشید
لاہور(نوائے وقت رپورٹ) وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ پولیس پیچھے لگی ہو تو سیاستدان خود گرفتاری دے دیتے ہیں لیکن شہباز شریف نیب کے چھاپے کے وقت گھر کے پچھلے کمرے میں چھپے بیٹھے تھے۔ شیخ رشید کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ شہباز شریف پچ کے دونوں طرف کھیلنے کے عادی ہیں، ان کا کیس سنجیدہ ہے اور انھیں جیل جانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف مفاہمتی کردار ادا کرنا چاہتے ہیں اور عمران خان کو کوئی دلچسپی نہیں، وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ملک میں اپوزیشن کا کوئی کردار نہیں دیکھ رہا، اپوزیشن جماعتوں کو میڈیا میڈیا کھیلنے کے سوا کوئی کام نہیں۔ ملک میں پٹرول کی قلت کے حوالے سے شیخ رشید نے کہا کہ پٹرول سستا ہو کر دوبارہ مہنگا ہونے جا رہا ہے اس لیے ذخیرہ اندوز انتظار کر رہے ہیں۔ شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف کی رپورٹوں پر کچھ ریگ مال ضرور پھیرا گیا ہے، لیکن میں اس بات کا حامی ہوں کہ جو چلاگیا، چلا گیا، جان چھڑاؤ۔ انہوں نے کہا کہ یہ سمجھ رہے ہیں کہ ان کی کمپنی کی مشہوری ہو رہی ہے، ان کی کمپنی پر ریجیکٹڈ کا ٹھپہ لگ رہا ہے، کیسز کے انبار لگے ہوئے ہیں، یہ خاندان چینی سکینڈل میں بھی نہیں بچے گا۔ انہوں نے کہا، چینی سکینڈل میں کوئی نہیں بچے گا۔