ننکانہ: سکھوں کا گوردوارہ جنم استھان میں آپریشن بلیو سٹار کیخلاف مظاہرہ‘ یوم سیاہ منایا
ننکانہ صاحب (نامہ نگار) گوردوارہ گولڈن ٹیمپل امرتسر پر آپریشن بلیو سٹار کے خلاف سکھوں کا گورودوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں احتجاجی مظاہرہ ، اور36واں یوم سیاہ منایا‘ مظاہرین نے پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر ملزمان کی سزا کے مطالبات درج تھے، مظاہرین نے بھارتی حکومت اور بھارتی فوج کے خلاف شدید نعرہ بازی کی، پاکستان اور خالصتان کے حق میں نعرے لگائے۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی فوج نے 6جون 1984کو سکھوں کی مقدس عبادت گاہ گولڈن ٹیمپل امرتسر پر ٹینکوں سے چڑھائی کر دی اور ہزاروں بے گناہ عورتوں، بچوں، بوڑھوں اور نوجوانوں کا بہیمانہ قتل عام کیا۔ اس موقع پر سردار امیر سنگھ جنرل سیکرٹری پاکستان سکھ گورودوارہ پربندھک کمیٹی، سردار بشن سنگھ سابق پردھان پی ایس جی پی سی، سردار پریم سنگھ ہیڈ گرنتھی اور دیگر سکھ کیمونٹی نے بھارتی سرکار اور بھارتی فوج کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے سکھوں سمیت اقلیتوں کو جو مذہبی آزادی اور حقوق دئیے وہ دنیا کے لئے ایک مثال ہیں۔