نندی پور ریفرنس‘ بابر اعوان کی بلا ٹرائل بریت کیخلاف اپیل آج سماعت کیلئے مقرر
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان کی نندی پور ریفرنس سے بغیر ٹرائل بریت کے خلاف قومی احتساب بیورو (نیب) کی اپیل اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت کیلئے مقرر کردی گئی۔ احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک نے ویڈیو سکینڈل سے چند روز قبل 25 جون 2019 کو بابر اعوان کو بری کیا تھا، اس فیصلے کے خلاف نیب نے 4 جولائی کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔ نیب کی اپیل پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ کل سماعت کرے گا۔ اپیل میں نیب کا مؤقف ہے کہ نندی پور پاور پروجیکٹ میں تاخیر سے قومی خزانے کو 27.3 ارب روپے کا نقصان پہنچا، احتساب عدالت نے پراسیکیوشن کو کیس ثابت کرنے کا موقع دیے بغیر جلد بازی میں بری کیا۔