• news

صوبائی حکومتیں امن و امان برقرار رکھیں ، خود کو متنازعہ بنائیں ، برسوں کی ناانصافی سے بلوچوں میں غم و غصہ ہے: بلاول بھٹو

اسلام آباد(وقائع نگارخصوصی) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے تربت میں پیش آنے والے سانحے اور بلوچستان میں امن و امان کی بگڑتی صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ بلاول بھٹو نے اپنے بیان میں کہا کہ ایسے حالات میں صوبائی حکومتیں کم ازکم امن وامان کی صورتحال برقرار رکھیں اور خود کو متنازع نہ بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرحکومت بروقت اقدام کرتی اور برامش کی ماں کے قاتلوں کو گرفتار کیا جاتا تو حالات ابترنہ ہوتے، اس وقت بلوچستان کے عوام میں شدید غم وغصہ ہے اور لوگ احتجاج کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگ سڑکوں پرتب ہی آتے ہیں جب ان کو یقین ہوجائے کہ حکام ان کی بات نہیں سن رہے، جب حکام بات نہ سنیں تو لوگ مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے باہرآجاتے ہیں۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ کم سن برامش کے ساتھ ہونے والا ظلم ناقابل تصور ہے، کوئی الفاظ برامش کے زخموں پر مرہم نہیں رکھ سکتے، اگر برامش کی ماں کے قاتل گرفتار نہ ہوئے تو یہ انصاف کی موت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ دہائیوں سے جاری ناانصافی کی وجہ سے بلوچوں میں ویسے ہی غم وغصہ پایا جاتا ہے، پیپلز پارٹی نے اٹھارہویں ترمیم کے ذریعے بلوچستان کے کچھ مسائل حل کرنے کی کوشش کی لیکن اس طرح کے سانحات حکام کی بلوچوں کی طرف بے حسی کو اجاگر کرتے ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ملک اس وقت وفاقی حکومت کی کرونا سے نمٹنے کے بجائے ہرڈ امیونٹی کی تباہ کن پالیسی کو بھگت رہا ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ملک اس وقت وفاقی حکومت کی کرونا سے نمٹنے کے بجائے ہرڈ امیونٹی کی تباہ کن پالیسی کو بھگت رہا ہے، ایسے حالات میں صوبائی حکومتیں کم از کم امن و امان کی صورتحال برقرار رکھیں اور خود کو متنازع نہ بنائیں۔

ای پیپر-دی نیشن