• news

کراچی میں 6 منزلہ رہائشی عمارت گر گئی‘ خاتون جاں بحق‘ متعدد زخمی مزید ہلاکتوں کا خدشہ

کراچی (نیوز رپورٹر)کراچی کے علاقے لیاری میں 6 منزلہ رہائشی عمارت منہدم ہوگئی جس کے نتیجے میںآخری خبریں آنے تک ایک خاتون کی نعش نکالی جا سکی جبکہ 11افراد زخمی ہوگئے۔ ملبے تلے مزید افراد کے دبے ہونے کے خدشات ہیں۔ عمارت لیاری کے علاقے نیا آباد کی لیاقت کالونی میں کھوکھر کچن والی گلی میں منہدم ہوئی، جائے وقوعہ پر امدادی سرگرمیاں شروع کردی گئی ہیں اور پاک فوج، رینجرز، پولیس اور دیگر ریسکیو ادارے امدادی کاموں میں شریک ہیں۔ ایدھی کے مطابق امدادی ٹیموں نے عمارت کے ملبے سے ایک خاتون کی نعش نکالی ہے جبکہ متعدد زخمیوں کو ایمبولنیس کے ذریعے سول ہسپتال منتقل کیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق اس رہائشی عمارت میں 40 سے زائد فلیٹس موجود تھے جبکہ اس کے گراؤنڈ فلور پر دکانیں بھی بنی ہوئی تھیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق عمارت کے ملبے سے11 زخمیوں کو نکالا گیا جبکہ عوام کی بڑی تعداد جمع ہے جس کے باعث امدادی کاموں میں رکاوٹ پیش آرہی ہے۔ ایس ایس پی سٹی مقدس حیدر کا کہنا تھا کہ عمارت خستہ حال ہو جانے کی وجہ سے مکینوں کو نوٹس دیے گئے تھے جس کے بعد کئی خاندان فلیٹس خالی کر کے چلے گئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ اتوار کی صبح عمارت میں ایک اور دراڑ آئی تھی جس کے بعد عمارت کے کئی گھر خالی ہو گئے تھے۔ ایس ایس پی سٹی نے کہا کہ ملبے میں مزید کتنے لوگ دبے ہوئے ہیں اس بارے میں حتمی طور پر کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کی ریسکیو ٹیمیں بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئیں، انجینئرز جدید آلات کے ساتھ ملبہ ہٹانے کا کام کررہے ہیں جب کہ سیکیورٹی اہلکار لوگوں کو ریسکیو کر رہے ہیں۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے رہائشی عمارت گرنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی کو فوری حادثے کی جگہ پر امدادی کارروائی شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پہلے امدادی کارروائی کی جائے پھر مکمل انکوائری رپورٹ پیش کی جائے۔

ای پیپر-دی نیشن