• news

بلاول کی پریس کانفرنس پوائنٹ سکورنگ، شوگر مافیا کو سزائیں ملیں گی: مراد سعید

اسلام آباد(نیٹ نیوز‘ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے سندھ حکومت کے اقدامات پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کے ایک سرکاری ہسپتال کی انچارج خاتون نے اپنا علاج نجی ہسپتال سے کروایا۔ بلاول کی پریس کانفرنس محض پوائنٹ سکورنگ ہے۔ وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ سینیٹائزر اور ماسک اتنے بنائے ہیں اب برآمد کرنے جارہے ہیں اور اس کی اجازت بھی مل گئی ہے۔ پیپلزپارٹی پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ نے وعدہ کیا ہے لوگوں کو راشن پہنچائیں گے اور آپ کے تین وزرا نے مختلف بیانات سامنے آئے، ڈیڑھ لاکھ، تین لاکھ اور پھر 5 لاکھ لوگوں کو راشن دینے کا کہا گیا لیکن عملی طور پر کسی کوراشن نہیں ملا، روزانہ آپ کی طرف بھاشن ضرور ملتا ہے۔ پی ٹی آئی کے رہنما کا کہنا تھا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد صحت کی ذمہ داری صوبوں کی تھی۔ مراد سعید نے کہا کہ سندھ حکومت کو پچھلے 8 برسوں میں ساڑھے 5 کھرب روپے صرف صحت کے لیے ملے، لیکن وہاں کوئی ایسا ہسپتال نہیں بنایا جہاں آصف زرداری کا علاج کرسکے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ پر الزام عائد کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی بوکھلاہٹ شوگر کمیشن میں نام آنے کی وجہ سے ہے کیونکہ رپورٹ میں آصف زرداری کے لیے ان کا مرکزی کردار سامنے آیا ہے اور زرداری کی کرپشن کے لیے سہولت کاری کا کردار ادا کیا۔علاوہ ازیں وفاقی وزیر مراد سعید نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ شوگر انکوائری رپورٹ کی روشنی میں اب ریکوری ہو گی شوگر مافیا کو سزائیں ملیں گی۔ مافیا سے نجات کیلئے نظام درست ہو گا۔ آٹا‘ چینی ‘ بجلی مہنگی ہونے کا بوجھ عوام برداشت کرتے ہیں۔ ان فیصلوں کے بعد مزید ایسا نہیں ہوگا۔ مہنگائی سے عوام کو نجات مل جائے گی‘ شکریہ عمران خان۔ اپوزیشن کے بیانات ہوا میں تحلیل ہو گئے۔ زرداری‘ شریف خاندان نے شوگر ملز کو سبسڈی دی اس لئے کارروائی نہیں کی۔ قوم کو نیا پاکستان مبارک ہو۔

ای پیپر-دی نیشن