• news

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیخلاف ریفرنس کی سماعت 9رکنی لارجر بنچ آج کریگا

اسلام آباد(صلاح الدین خان/نمائندہ نوائے وقت) جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف صدارتی ریفرنس کی سماعت دس کی بجائے 9رکنی لارجر بینچ کرے گا۔ جسٹس قاضی امین الدین کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کے باعث وہ بینچ کا حصہ نہیں ہوں گے۔جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیخلاف صدارتی ریفرنس کے معاملہ سے متعلق کیس کی سماعت آج 8جون بروز (پیر) کو ہوگی۔کیس کی سماعت دن 11بجکر30منٹ پر ہوگی ۔کیس کی سماعت جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں لارجر بینچ کرے گا ،دیگر ججز جسٹس مقبول باقر، جسٹس منظور احمد ملک، جسٹس فیصل عرب ، جسٹس مظہر علی مندو خیل، جسٹس سجاد علی شاہ،جسٹس سید منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس یحییٰ آفریدی شامل ہوں گے۔علاوہ ازیں صدر مملکت اور وفاق نے صدارتی ریفرنس کے خلاف جسٹس فائز عیسیٰ کی درخواست پر سپریم کورٹ میں الگ الگ درخواستیں جمع کروادی ہیں۔ دونوں درخواستوں میں اضافی دستاویزات ودیگر مواد شامل ہے، صدرمملکت کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواست میں آج ٹی وی کو 24جولائی 2019کو دئیے گئے انٹرویو کا مسودہ شامل ہے جس میں صدر مملکت کی طرف سے پوچھے گئے سوالات کے دئیے گئے جوابات بھی لف کئے گئے ہیں۔ وفاق کی طرف سے جمع کرائی گئی دستاویزات میں اے آریو کی 15اپریل 2019کی میٹنگ اور اس کے منٹس کی کاپی جمع کرائی گئی ہے۔ درخواست میں اے آر یو کی ایف بی آر کو لکھے گئے خط کی کاپی بھی شامل ہے۔

ای پیپر-دی نیشن