کرونا سے درآمدات کم ہو گئیں، زرمبادلہ کی توقعات باقی ہیں: شاہ محمود قریشی
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہماری درآمدات کرونا کی وجہ سے بہت کم ہو چکی ہیں لیکن زرمبادلہ کے حوالے سے ابھی ہمیں توقعات وابستہ ہیں۔ جمہوریت میں بولنے کی آزادی ہوتی ہے۔ منتخب حکومتیں عوام کے سامنے جواب دہ ہوتی ہیں۔ اوورسیز پاکستانی ان عناصر کی نشاندہی کریںجو ٹکٹس کی مدمیں زائد رقوم وصول کر رہے ہیں۔ دفتر خارجہ کے مطابق انہوں نے ان خیالات کا اظہار متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ ویڈیو لنک کے ذریعے ٹاؤن ہال اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پاکستانی سفیر غلام دستگیر خان نے وزیر خارجہ کو کرونا وبا کے تناظر میں یو اے ای میں پاکستانی کمیونٹی کی صورت حال کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور کہا کہ دبئی اور ابوظہبی میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کا بھرپور خیال رکھا جا رہا ہے متحدہ عرب امارات کی طرف سے، کرونا وبا کے پھیلا کو روکنے کیلئے لاک ڈائون سمیت مختلف اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مجھے احساس ہے کہ یو اے ای میں ہماری1.6 ملین کمیونٹی ہے اتنی بڑی کمیونٹی کی توقعات پر پورا اترنا مشکل کام ہے اورسیز پاکستانیوں نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی ان کے جائز مطالبات کو حل کرنا ہماری ذمہ داری ہے مجھے یقین ہے کہ آپ نے اس کٹھن گھڑی میں تندہی سے کام کیا ہے۔ آپ نے196 پاکستانیوں کیلئے فری ٹکٹس دلائے جو بہت احسن اقدام ہے۔ آج دنیا تبدیل ہو چکی ہے سوشل میڈیا لمحہ لمحہ کی خبر دے رہا ہے۔ آپ کو جدید ذرائع کو بروئے کار لانا ہو گا۔ ہماری پارٹی کے استحکام میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا بڑا حصہ ہے یہ پاکستانی، اپنا خون پسینہ بہا کر اپنا زرمبادلہ بھجوا رہے ہیں اور پاکستان کی معیشت کو سہارا دیے ہوئے ہیں۔ ہمیں اپنا مائنڈ سیٹ اور رویہ تبدیل کرنا ہو گا۔ سب سے زیادہ واپسی کے منتظر پاکستانی یو اے ای میں ہیں۔ مجھے افسوس ہے کہ ان پاکستانیوں کو ہوائی ٹکٹس کی مد میں اضافی چارج کیا جا رہا ہے اس کا ذمہ دار کوئی بھی ہو لیکن جواب ہمیں دینا ہے۔