• news

رحیم یار خان: موٹروے پر کار الٹنے کے بعد آگ لگ گئی، ایک خاندان کے 4 افراد زندہ جل گئے

حافظ آباد‘ ساہیوال‘ بہاولپور(نمائندگان‘ نوائے وقت رپورٹ‘ نامہ نگار) مختلف شہروں میں 3حادثات کے دوران 9افراد جان کی باز ہار گئے۔ ساہیوال میں موٹرسائیکل کھائی میں گرنے سے ماں بیٹا‘ حافظ آباد میں ڈمپر کی ٹکر سے 2موٹرسائیکلوں پر سوار 2بھائی، ایک بچی جبکہ رحیم یار خان موٹروے پر تیز رفتار کار کو الٹنے سے لگنے والی آگ میں ایک خاندان کے 4افراد زندہ جل گئے۔ تفصیلات کے مطابق حافظ آباد کے نواحی گائوں نواں شہر کی فیملی کے3افراد حادثہ میں جاں بحق ہوگئے۔ محکمہ تعلیم کے مانیٹرنگ انسپکٹر شوکت علی کا بیٹا نوید اپنے بھائی حنظلہ، بیوی، بیٹی اور ہمشیرہ کے ہمراہ دو موٹر سائیکلوں پر سوار سرگودھا سے اپنے گائوں نواں شہر آرہے تھے۔ سیال موڑ کے قریب ایک تیز رفتار ڈمپر نے دونوںموٹر سائیکلوں کو ٹکر دے ماری جس کے نتیجہ میں نوید، اور اسکا بھائی حنظلہ اور چھ سالہ بیٹی بشریٰ جاں بحق جبکہ ہمشیرہ اور بیوی شدید زخمی ہوگئے۔ جنھیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا جبکہ ڈمپر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔ ساہیوال سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق نیو فیصل آباد ساہیوال روڈ پر راوی پل کے قریب ایک تیز رفتار موٹر سائیکل کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں ماں ، بیٹا جاں بحق ہو گئے۔ چک624گ ب کا فیکٹری ملازم عبد الاحد اپنی بوڑھی ماں ثریا کو لے کر موٹر سائیکل پر ساہیوال جا رہا تھا۔ مخالف سمت سے آنے والی ایک کار سے بچتے ہوئے موٹر سائیکل گہری کھائی میں جا گری۔ جس سے ماں بیٹا دونوں مو قع پر دم توڑ گئے۔بہاولپور سے نامہ نگار کے مطابق ترنڈہ محمد پناہ انٹرچینج کے قریب موٹروے 5پر تیز رفتار کا ر الٹنے کے بعد اس میں آگ لگ گئی جس سے کار میں سوار ایک ہی خاندان کے 4افراد زندہ جل گئے اور 3زخمی ہو گئے۔ بدنصیب خاندان بہاول پور سے رحیم یار خان جا رہا تھا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق نصیب خاندان کی کار تیز رفتاری کے دوران بے قابو ہو کر الٹ گئی اور اس میں آگ لگ گئی۔ کار میں مبینہ طور پر 2بچوں اور خاتون سمیت4افراد زندہ جل گئے جبکہ 2خواتین اور 1بچے سمیت 3افراد شدید زخمی بتائے جاتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن