• news

جہانگیر ترین کو لندن بھگا کر وزیراعظم کہتے ہیں احتساب ہو رہا ہے: مریم اورنگزیب

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران مافیا خود چینی مافیا ہے کیونکہ چینی چوری کی ای سی سی اور کابینہ میں تمام فیصلوں کی منظوری صرف عمران اور بزدار صاحب نے دی۔ مریم اورنگزیب نے وفاقی وزیر شبلی فراز کے شوگر مافیا متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے سخت برہمی کا اظہا کیا اور کہا کہ جہانگیرترین کو پچھلے دروازے سے لندن بھگا کرخود چینی کمشن سے بھاگ کر کہتے ہیں احتساب ہو رہا ہے، یہ کس کو بے وقوف بنا رہے ہیں؟ عمران اور بزدار صاحب کو گرفتار کیا جائے۔ عمران صاحب سمارٹ لاک ڈاؤن، اشرفیہ کا لاک ڈاؤن، کرفیو کی بحث سے باہر آئیں۔ عمران صاحب ہر روز 100 لوگ کرونا کے خلاف جنگ میں اپنی جان ہار رہے ہیں۔ عمران صاحب آپ اپنی نااہلی، نالائقی اور چوری کا ملبہ کرونا پہ نہیں ڈال سکتے، آپ کی نااہلی، نالائقی اور چوری سے معیشت تباہ، عوام بے روزگار اور عوام بے حال ہوئی، اپنی کنفیوژن چھپانے کے لئے لاک ڈاؤن کے بارے میں طبقاتی تفریق ملک کے لئے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔ عمران صاحب آپ کی نالائقی، نااہلی اور چوری نے پاکستان کو سال 2020 میں دنیا کا مہنگا ترین ملک بنا دیا، آپ نے دو سال میں ملک کو مہنگا ترین اور غریب ترین بنا دیا، ٹائیگر فورس کہاں ہے اور کیا کر رہی ہے۔ ٹائیگر فورس کے بھتہ فورس بن جانے کی شکایات آرہی ہیں، کرونا کے خلاف حالتِ انکار ملک و قوم کے لئے خطرناک ثابت ہو رہی ہے۔ عمران صاحب عوام کرونا کے خلاف جنگ آپ کے ذہنی تذبذب، نالائقی اور نااہلی کی وجہ سے ہار رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن