کرونا رزلٹ کا ڈپریشن، سیالکوٹ کے 35سالہ بزنس مین کی خودکشی
سیالکوٹ(نامہ نگار+نمائندہ خصوصی)نور آباد میں آلات جراحی کے بزنس مین نے کرونا ڈپریشن سے تنگ آکر سر میں گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ تھانہ اگوکی کے علاقہ نور آباد کا رہائشی آلات جراحی کا بزنس مین 35سالہ مبشر نے کرونا علامات ظاہر ہونے پر خود تین روز سے اپنے ہی گھرمیں قرنطینہ کر رکھا تھا اور کرونا ٹیسٹ کی رپورٹ کا انتظار میںڈپریشن کا شکار تھا۔ گزشتہ روز اسی ڈپریشن کی وجہ سے اس نے اپنے سر میں گولی مار کر خودکشی کر لی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مبشر نے 6جون کو کرونا ٹیسٹ کروایا تھا اور رزلٹ کا انتظار کر رہا تھا۔بتایا گیا ہے کہ متوفی تین بچوں کا باپ تھا۔تھانہ اگوکی نے نعش کو قبضہ میں لے کر کارروائی شروع کر دی ہے۔ نمائندہ خصوصی کے مطابق35 سالہ مبشر ضمیر کے اہل خانہ کو کرونا وائرس تھا اور اہل علاقہ ان کے ساتھ بیٹھنا پسند نہیں کرتے تھے اور انہیں گھر میں رہنے کی تلقین کرتے تھے۔ مبشر ضمیر کی کرونا وائرس رپورٹ آنی باقی تھی۔