• news

برازیل‘ اموات میں اضافہ کے بعد سرکاری ویب سائٹ سے ڈیٹا غائب کر دیا گیا

برازیل (نوائے وقت رپورٹ) برازیل کی حکومت نے اموات کی تعداد میں مسلسل اضافے کے باعث کرونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں اور کیسز کی تعداد سے متعلق معلومات شیئر کرنا روک دیں۔ برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق کرونا کے کیسز میں ہوشربا اضافے کے بعد برازیل کی حکومت نے کووڈ 19 کے کیسز اور اموات کی اعداد و شمار بتانے والی سرکاری ویب سائٹ ہی بند کر دی۔رپورٹ کے بعد سرکاری ویب سائٹ بند کرنے پر برازیل کی حکومت کو عوام کی طرف سے شدید تنقید کا سامنا ہوا، عوامی دباؤ میں آکر ویب سائٹ تو بحال کر دی گئی لیکن اس پر کیسز اور اموات کی معلومات فراہم کرنا روک دیا گیا ہے۔برازیل کی سرکاری ویب سائٹ پر کووڈ 19 کے آخری مرتبہ دیے جانے والے اعداد و شمار کے مطابق کرونا کیسز کی تعداد 6 لاکھ 15 ہزار بتائی گئی جب کہ اموات کی تعداد 34 ہزار بتائی گئی ہے۔تاہم دنیا بھر میں برازیل کرونا کیسز کی تعداد میں امریکا کے بعد دوسرے نمبر پر ہے جب کہ اموات کے اعتبار سے یہ تیسرا ملک ہے۔ڈیٹا چھپانے پر ماہرین نے دعویٰ کیا ہے کہ اس سے قبل بھی کیسز کی جو تعداد بتائی گئی ہے وہ درست نہیں ہے، اصل کیسز کی رپورٹ منظر عام پر نہیں لائی گئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن