پی ٹی آئی حکومت نے تیل کی مصنوعی قلت کی،بلاول بھٹو
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملک میں تیل کی قلت و مجموعی صورتحال پربیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے تیل کی مصنوعی قلت کی انجنیئرنگ کرکے ایسے حالات پیدا کیئے کہ ملک بھر میں افراتفری پھیلے ،ملک جس تیل کے بحران کا شکار ہے اس کی ذمہ ار پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت اور اس کی پالیسیاں چلانے والے افراد ہیں،اگر یہ بحران جاری رہا تو ملک میں انتشار کا خطرہ ہے:،پی ٹی آئی حکومت کی نااہلی و خراب طرزِ حکمرانی ملک کو دلدل کی جانب دھکیل رہی ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کورونا وائرس اور ٹڈی دل کے حملوں کی روکتھام میں حکومت مکمل طور ناکام ہوچکی ہے اس ناکامی سے ایک بار پھر ثابت ہوگیا کہ لاکھوں عام پاکستانیوں کی قیمت پر پی ٹی آئی حکومت صرف اپنے چند سرمایہ دار دوستوں کے مفادات کو پورا کرنے کا کام کررہی ہے ،پٹرول پمپس پر تیل کی قلت مصنوعی تھی اور اگر اس معاملے میں بھی پی ٹی آئی حکومت کے کچھ چہیتے ملوث نکلیں تو یہ تعجب کی بات نہیں ہوگی، وزارت بجلی اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے مابین الزام بازی فقط لوگوں کو ان کے استحصال سے توجہ ہٹانے کے لئے ایک منظم ہتھکنڈہ ہے،کیونکہ وہ مفاد پرست پاکستانی عوام سے اوورچارجنگ کے ذریعے ہی پیسہ بناتے ہیں۔انرجی سکیورٹی کو برقرار رکھنا وفاقی حکومت کا اولین ذمیداری ہے، لیکن وہ اپنی ذمیداریاں چھوڑ کر اپوزیشن کو دھمکانے اور نشانہ بنانے میں مصروف ہے،اگر حکومت نے صورتحال کو سنجیدگی سے نہ لیا تو پیٹرول اور ڈیزل کی شدید قلت کے دوران شہروں میں لگی لمبی قطاریں ہوںگی ،پیپلز پارٹی کو پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے کورونا وائرس، ٹڈی دل کے حملوں کے بعد اب پیٹرولیم کی قلت جیسے معاملات کو درست طریقے سے نہ سنبھالنے کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال پر انتھائی تشویش ہے۔