قرضوں میں سہولت کیلئے جی 20 ممالک کے اقدامات قابل تعریف: صدر عالمی بنک
اسلام آباد (اے پی پی) عالمی بنک گروپ کے صدرڈیوڈ ملپاس نے کہا ہے کہ عالمی معیشت کی بحالی اور بڑھوتری کیلئے نجی شعبہ کو بحال اور سرکاری شعبے کی کارگردگی میں بہتری لانا ضروری ہے، قرضوں میں سہولت کیلئے گروپ 20 ممالک کے اقدامات قابل تعریف ہیں۔ گزشتہ روز اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ عالمی بنک کرونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کیلئے مختلف ممالک کو ان کی ضروریات کے مطابق معاونت فراہم کررہا ہے۔ موجودہ وباء اس لحاظ سے سنگین ہے کہ اس نے نہ صرف لوگوں کی صحت کو بلکہ معیشت کو بھی بری طرح سے متاثرکیا، جن ممالک کو وسائل اور استعداد میں کمی کا پہلے سے سامنا تھا وہ اس وباء سے بری طرح متاثر ہوئے، یہ ممالک اپنی معیشتوں کا بہترطریقے سے تحفظ نہیں کر سکتے۔ اس صورتحال کے تناظرمیں عالمی بنک نے مختلف ممالک کیلئے پروگرام بنائے کیونکہ مختلف ممالک کی ضرورریات مختلف ہیں۔ ڈیوڈ ملپاس نے کہا کہ انتہائی غریب ممالک میں بجلی اور براڈ بینڈ کی سہولیات کا پہلے سے فقدان تھا، عالمی بینک ان ممالک میں سہولیات کی فراہمی کیلئے کام کررہاہے کیونکہ ان سہولیات کی فراہمی سے لوگوں میں بالخصوص وباء اورصحت عامہ کے مسائل بارے آگاہی میں مددمل رہی ہے۔ وباء سے عالمی معیشت کو پہنچنے والے نقصان کے ازالہ کیلئے اقدامات ضروری ہے، عالمی بینک گروتھ کیلئے مختلف ممالک کے ساتھ مل کرکام کررہا ہے ، وبا کے تناظرمیں ترقی پذیرممالک میں اشیاء کی نقل وحمل کو برقراررکھنا ایک اہم مسئلہ ہے، اس ضمن میں عالمی بنک نے 1.4 ارب ڈالر سے زائد مالیت کا پروگرام بنایا ہے۔ ایک سوال پرانہوں نے کہاکہ وبا کی وجہ سے ترقی پذیرممالک میں محصولات کا نظام متاثر ہوا جس کی وجہ سے ان ممالک پرواجب الاداقرضوں کے نظام پر بھی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ قرضوں میں سہولت کیلئے گروپ 20 ممالک نے جو اقدامات کئے ہیں وہ قابل تعریف ہیں اور اسی طرح کے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔