• news

ریفرنس دائر کرنا ہے یا کیس خارج کردیں: عدالت

اسلام آباد (نامہ نگار) نارووال سپورٹس سٹی کیس میں احسن اقبال کیخلاف انکوائری کو انویسٹی گیشن میں تبدیل کردیا گیا۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کے استفسار پر نیب نے بتایا ہے کہ ریفرنس میں تاخیرکی وجہ کرونا وائرس کے بعد پیدا ہو نے والی صورتحال ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ ایک سال ہوگیا یہ لوگ میرے خلاف تحقیقات کررہے ہیں، میرے خلاف ریفرنس نہیں ہے تو کیس خارج کیا جائے۔ جج محمد بشیر نے نیب سے استفسارکیا کہ بتائیں ریفرنس دائرکرنا ہے یا کیس خارج کردیں۔ نیب نے پیشرفت رپورٹ عدالت میں پیش کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ کرونا کے باعث تحقیقات میں دیرہو رہی ہے تحقیقات مکمل ہوتے ہی ریفرنس دائرکردیا جائیگا۔ احسن اقبال روسٹرم پر آئے اور کہا کہ نیب میڈیا پر کردار کشی کررہا ہے جس پر جج نے ریمارکس دیے کہ میڈیا والی باتوں کا جواب باہر جا کر میڈیا پر ہی دیں۔ احسن اقبال نے مزید کہا ایک سال ہوگیا یہ لوگ میرے خلاف تحقیقات کررہے ہیں، میرے خلاف ریفرنس نہیں ہے تو کیس خارج کیا جائے، نیب کہتا ہے عدالتیں فیصلے نہیں کر رہیں، ریفرنس خود نہیں لاتے۔ احسن اقبال کے وکیل نے اخبار بھی عدالت میں پیش کرتے ہوئے کہا نیب نے اعلامیہ جاری کیا عدالتوں میں جلد فیصلوں کے لئے درخواستیں دائرکریں گے۔ کیس کی سماعت 26جون تک ملتوی کردی گئی۔ میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال نے کہاکہ نالائق اور نااہل حکمران مسلط ہیں، پورا ملک کرونا کے رحم کرم پرچھوڑ دیا۔ احسن اقبال نے کہا کہ شوگر کمیشن رپورٹ میں سب ذمہ داران کے نام سامنے تھے۔ عمران خان کو کمشن میں طلب نہیں کیا گیا۔ چینی کرپشن میں مجرم کو بچانے کیلئے ایف آئی آر نہیں کاٹی گئی۔ احسن اقبال نے آزاد اور منصفانہ انتخابات کا مطالبہ بھی کیا۔

ای پیپر-دی نیشن