• news

کنٹرول لائن : بلااشتعال بھارتی گولہ باری، 2بچے ، 2خواتین زخمی، بروقت جواب دیا: ڈی جی آئی ایس پی آر

تتہ پانی+اسلام آباد (نامہ نگار+نوائے وقت رپورٹ+سٹاف رپورٹر) لائن آف کنٹرول پر بھارتی افواج کی جارحیت نہ رک سکی۔ تتہ پانی گوئی اور درہ شیر خان سیکٹرز پر بلااشتعال شدیدگولہ باری سے ایک 32 سالہ خاتون اور ایک چھ سالہ بچی سمیت4 زخمی ہو گئے۔ متعدد مکانات اور ایک موٹر سائیکل کو نقصان پہنچا، متعدد مویشی ہلاک و زخمی ہوئے، عوام گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے۔ پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی پر دشمن کی گنیں خاموش ہوگئیں۔ تفصیلات کے مطابق منگل کے روز صبح چھ بجے کے قریب بھارتی افواج نے ایک مرتبہ پھر اپنی توپوں کے مُنہ کھولتے ہوئے تتہ پانی گوئی اور درہ شیرخان سیکٹرز پر بلااشتعال شدید فائرنگ وگولہ باری شروع کردی اور گوئی سیکٹر کے سویلین آبادی کے علاقوں برموچ، ندھیری، رڈ کٹھار جبکہ درہ شیرخان سیکٹر کے علاقوں ٹہنون، جبر کو ہیوی مارٹر گنوں سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجہ میںٹہنون درہ شیرخان کی رہائشی ایک32سالہ خاتون رابعہ زوجہ محمد شکیل اور ایک چھ سالہ بچی ماریہ دختر عبدالحمید زخمی ہو ئیں، جنہیں فوری تتہ پانی ہسپتال لایا گیا۔ ابتدائی طبی امداد کے بعد کوٹلی ریفر کر دیا گیا۔ جبکہ گولہ باری سے رڈ کٹھار میں منظور ولد ذوالفقار، مولوی لعل ولد اللہ دیتہ، وسیم اکرم ولد ماسٹر محمد اکرم اور دیگر نے مکانات کو شدید نقصان پہنچا۔ ایک شہری کا موٹر سائیکل بھی زد میں آکر تباہ ہوگیا۔ متعدد افراد کے مویشی بھی ہلاک وزخمی ہوئے ۔ عوام گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے۔ دریں اثناء ممبر اسمبلی وسابق سنیئروزیر ملک نواز خان اور مرکزی جوائنٹ سیکرٹری پی ٹی آئی وسابق وزیر حکومت سردار عبدالقیوم خان نیازی اور دیگر سیاسی سماجی رہنمائوں نے بھارتی افواج کی جارحیت کی پرزور مذمت کی ہے اور متاثرہ افراد سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔بھارتی فوج کی فائرنگ سے دو خواتین اور دو بچے زخمی ہو گئے۔ زخمی ہونے والوں میں 26 سالہ نسرین‘ 24 سالہ رابعہ‘ سات سال کا منشی اور سات سال کی مومنہ شامل ہے۔ بھارتی فوج نے ڈیرہ شیر خان‘ سندھارا اور بمروچ گاؤں پر فائرنگ کی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بتایا کہ بھارت نے لائن آف کنٹرول کے جندروٹ سیکٹر کے گاؤں ڈیرہ شیر خان، سندھارا اور بامروچ کی آبادی میں بلا اشتعال فائرنگ کرتے ہوئے سویلین آبادی کو نشانہ بنایا جس کی وجہ سے چار شہری زخمی ہوئے، زخمی ہونے والوں میں دو خواتین اور دو بچے شامل ہیں۔ جن کی حالت تشویشناک ہے۔ زخمی ہونے والوں میں ڈیرہ شیر خان سے 26 سالہ نسرین،24 سالہ رابعہ، 7 سالہ مومنہ زخمی ہوئے۔ جب کہ چوتھے زخمی سات سالہ منشی کا تعلق بامروچ سے ہے، زخمی ہونے والوں بچوں اور خواتین کو طبی امداد کے لیے فوری طور پر پاکستان آرمی کے قریبی ہسپتال میں منتقل کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے بر وقت جواب دیتے ہوئے دشمن کی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔

ای پیپر-دی نیشن