• news

پنجاب اسمبلی: نبی کریم ، امہات المومنینؓ، صحابہ کرامؓ کی شان میں گستاخی روکنے کیلئے بل منظور

لاہور(خصوصی نامہ نگار) پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں پیغمبر آخر الزمان حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم ، امہات المومنین اور صحابہ کرام کی شان میں گستاخی کو روکنے کے لیے سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی کی کوششوں سے بل منظور کرلیا گیا ہے جس کے تحت ٹیکسٹ بک بورڈ کو پابند کیاگیا ہے کہ وہ اسلامی کتب کی متحدہ علماء بورڈ سے منظوری لے گا۔ اپوزیشن لیڈڑ حمزہ شہباز کی قید کو ایک سال سے زائد عرصہ گزر جانے پر ن لیگ نے ایوان سے واک آئوٹ کیا جبکہ وزیر خوراک کے وقفہ سوالات کے باوجود ایوان میں نہ آنے پر سپیکر نے محکمہ خوراک کے سوالات معطل کر کے دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ اجلاس ایک گھنٹہ 36 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا۔ ایوان نے پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ ترمیمی بل متفقہ طور پر منظور کرلیا۔ بل کی منظوری سے ہر قسم کی اسلامی کتب کی اشاعت سے پہلے کریکولم بورڈ متحدہ علماء بورڈ سے منظوری لینے کا پابند ہوگا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ بل پاس کرکے شر کے دروازے کو ہمیشہ کے لیے بند کردیا ہے اب مقدس شخصیات کے خلاف کوئی سازش کرنے کی جرات نہیں کرسکے گا۔ بل کی منظوری پر مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی ، تحریک انصاف اور تمام ارکان اسمبلی نے سپیکر پنجاب اسمبلی کو مبارکباد دی۔ حمزہ شہباز کی گرفتاری کو ایک سال مکمل ہونے پر مسلم لیگ ن نے بھرپور احتجاج کیا۔ راجہ بشارت نے کہا کہ حکومت نے نہیں بلکہ نیب نے اپوزیشن لیڈر کو کرپشن پر گرفتار کیا تھا۔ محکمہ خوراک کے سوالات کے دوران وزیر خوراک عبدالعلیم خان ایوان میں موجود نہیں تھے جبکہ پارلیمانی سیکرٹری کے جوابات کو غیر تسلی بخش قرار دیا گیا تو سپیکر نے تمام سوالات دوبارہ ایجنڈا پر لانے کا حکم جاری کردیا۔ اجلاس میں دیا میر بھاشا ڈیم کے حوالے سے قرارداد، مائوں کے عالمی دن پر ان کے تحفظ اور فلٹریشن پلانٹ لگانے سمیت آٹھ قراردادیں منظور کر لی گئیں جس کے بعد اجلاس جمعہ کی دوپہر دوبجے تک ملتوی کردیا گیا۔ اپوزیشن رکن رانا مشہود نے کہا کہ ختم نبوت کی حفاظت پر پورا ایوان مبارکباد کا مستحق ہے، یہ بل سپیکر چودھری پرویزالٰہی کی کوششوں سے پیش اور منظور کیا گیا۔ سپیکر چودھری پرویزالٰہی نے بل کی منظوری پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئے روز جو دین اللہ کے آخری نبی حضرت محمد ﷺ لے کر آئے ہیں اس کے خلاف سازشیں ہوتی ہیں، بالخصوص سکول میں ہمارے بچوں اور بچیوں کو جو کتابیں پڑھائی جاتی ہیں ان کے ذہن میں دین اسلام، خلفائے راشدین، اہل بیت اور صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کے خلاف نفرت انگیزی اور شکوک و شہبات پیدا کئے جاتے ہیں، اب وقت آ گیا ہے کہ انشاء اللہ اس شر کے دروازے کو ہمیشہ کیلئے بند کر دیں، اس لئے ہم یہ اہم قانون سازی لے کر آرہے ہیں تاکہ ہماری آئندہ نسل محفوظ رہے جو ہمارا مستقبل ہے۔

ای پیپر-دی نیشن