• news

سعودی عرب کا حج محدود کرنے پر غور، بزرگ عازمین پر پابندی ہوگی

ریاض (این این آئی+ صباح نیوز) سعودی وزیر برائے مذہبی امور ڈاکٹرعبد اللطیف آل الشیخ نے اس بات کی تصدیق کی کہ نمازیوں کی صحت سے متعلق احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا نہ ہونے کے نتیجے میں ستر سے زائد مساجد سے وائرس پھیلا۔ ان مساجد کو بند کردیا گیا ہے۔ غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کی حکومت نے کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد ایک لاکھ سے زائد ہونے کے بعد رواں برس حج میں عازمین کی تعداد کو بڑے پیمانے پر کم کرنے کی تجویز پر غور شروع کردیا، ، صرف علامتی تعداد کو مناسک حج ادا کرنے کی اجازت دی جائے گی تاکہ فریضہ بھی ادا ہوجائے اور کرونا وائرس کی وبا پھیلنے کا خدشہ بھی کم سے کم ہو۔ علاوہ ازیں بزرگ عازمین حج پر مکمل پابندی اور صحت کے حوالے سے سخت اقدامات پر بھی گفت وشنید کی گئی تاہم ابھی حتمی فیصلہ ہونا باقی ہے جس کا اعلان خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز خود کریں گے۔ اجلاس میں اس بات پر بھی غور کیا گیا کہ تمام ممالک کے حج کے کوٹے سے صرف 20 فیصد کی اجازت دی جائے۔ ہر سال دنیا بھر سے لگ بھگ 25 لاکھ مسلمان حج کی سعادت حاصل کرنے سعودی عرب آتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن