ملاوٹ مافیا کسی رعایت کا مستحق نہیں: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) دودھ کی کوالٹی چیک کرنے کیلئے 6 موبائل ملک ٹیسٹنگ لیبارٹریز میدان میں آ گئیں۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کا 10موٹر سائیکلوں پر مشتمل بائیک سکواڈ بھی ان ایکشن ہے۔ سردار عثمان بزدار نے موبائل ملک ٹیسٹنگ لیبارٹریز اور بائیک سکواڈ کا افتتاح کیا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ پہلے مرحلے میں موبائل ملک ٹیسٹنگ لیبارٹریز لاہور کے 6 داخلی راستوں پر دودھ کی کوالٹی کو چیک کریں گی۔ ٹھوکر نیاز بیگ، راوی ٹول پلازہ، بھوبتیاں چوک، سگیاں پل، گجومتہ اور بابوصابو پر صبح اور شام مختلف اوقات میں دودھ لے کر آنے والی گاڑیوں کو چیک کیا جائے گا۔ لاہور میں بغیر چیکنگ اور ٹیسٹنگ کے دودھ کی کوئی گاڑی داخل نہیں ہوسکے گی۔ لاہور کے بعد موبائل ملک ٹیسٹنگ لیبارٹریز اور بائیک سکواڈ کا دائرہ کار ہر ڈویژن تک بڑھائیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے پنجاب کے ہر ضلع میں بھی موبائل ملک ٹیسٹنگ لیبارٹریز اور بائیک سکواڈ کا دائرہ کار بڑھانے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ بائیک سکواڈ تنگ گلیوں اور گلی محلوں میں جا کر اشیائے خور و نوش کی کوالٹی کو چیک کرے گا۔ بائیک سکواڈ لائسنس انسپکشن بھی کر سکے گا۔ بائیک سکواڈ ملاوٹ اور غیر معیاری اشیاء کی شکایت کے ازالے کیلئے تشکیل دیا گیا ہے۔ ملاوٹ مافیاکسی رعایت کا مستحق نہیں۔ شہریوں کو حفظان صحت کے مطابق معیاری خوراک مہیا کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ عثمان بزدار نے ملاوٹ مافیا اور غیر معیاری اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف مہم مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق اشیائے خورونوش کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ ملاوٹ مافیاکو انسانی صحت سے کھیلنے کی اجازت نہیںدیں گے۔عثمان بزدار کی ذاتی کاوشوں سے قبائلی علاقے درگ میں نادرا رجسٹریشن سنٹر قائم کر دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ قبائلی علاقے کے مکینوں کو گھر کی دہلیز پر شناختی کارڈ اور دیگر دستاویزات کا حصول ممکن ہوسکے گا جبکہ قبائلی علاقے بارتھی میں بھی نادرا رجسٹریشن سنٹر قائم کیا جا رہا ہے جو اگلے چند روز میں فنکشنل ہو جائے گا۔ پنجاب کے پسماندہ ترین علاقوں کے رہائشی قیام پاکستان سے اب تک بنیادی سہولتوں سے محروم رہے۔ ماضی کے حکمرانوں نے جان بوجھ کر دورافتادہ علاقوں کو ترقی کے سفر میں پیچھے رکھا۔ عثمان بزدار نے سرکاری دفاتر میں ماسک پہننے کی پابندی پر سختی سے عملدر آمد کرانے کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہدایت کی ہے کہ بغیر ماسک کے کسی کوبھی سرکاری دفاتر میں داخل ہونے کی اجازت نہ دی جائے۔ سرکاری دفاتر میں کام کے لئے آنے والے شہریوں کو بھی ماسک لازمی پہننا ہو گا۔ عثمان بزدار نے فیصل آباد کے علاقے جھنگ روڈ پر آئل ڈپو میں آتشزدگی سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ لودھراں میں پولیس کی حراست میں نوجوان کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او لودھراں سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔