• news

نیب بورڈ اجلاس، عامر کیانی کیخلاف انکوائری ، ظفر مززا سے متعلق شکایات پر جانچ پڑتال کی منظوری

اسلام آباد (نامہ نگار) نیب کے ایگزیکٹو بورڈ نے سابق وفاقی وزیر عامر محمود کیانی کے خلاف انکوائری اور وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کیخلاف شکایات کی جانچ پڑتال کی منظوری دے دی۔ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں 3 انکوائریوں اور شکایات کی جانچ پڑتال کی منظوری دی گئی۔ سول ایوی ایشن اور سی ڈی اے کے افسران و اہلکاروں کے خلاف بھی انکوائریز کی منظوری دی گئی۔ نیب اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس کی تفصیلات فراہم کرنے کا مقصد کسی کی دل آزادی نہیں بلکہ تمام انکوائریاں مبینہ الزامات کی بنیاد پر شروع کی گئی ہیں۔ خیال رہے کہ عامر محمود کیانی اگست 2018 سے اپریل 2019 تک وفاقی وزیر صحت کے عہدے پر براجمان تھے، انہیں وزیراعظم عمران خان نے 18 اپریل 2019 کو عہدے سے ہٹا دیا تھا۔ سابق وفاقی وزیر کے خلاف ادویات کی قیمتوں میں غیرقانونی اضافے کے الزامات ہیں۔ دوسری جانب گزشتہ دنوںایف آئی اے نے ینگ فارمسٹ ایسوسی ایشن کی شکایت پر کارروائی شروع کی ہے جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ ڈاکٹر ظفرمرزا نے ڈریپ کے ڈپٹی ڈائریکٹر غضنفر علی کی ملی بھگت سے ماسک سمگل کرائے ہیں۔قومی احتساب بیورو کے چئیرمین جسٹس جاوید اقبال کی قیادت میں احتساب سب کیلئے کی پالیسی کے تحت گزشتہ دو سال میں 178 ارب روپے بالواسطہ اور بلا واسطہ طور پر بدعنوان عناصر سے برآمد کرکے قومی خزانے میں جمع کروائے جو ایک ریکارڈ کامیابی ہے۔ نیب کی کارکردگی کو معتبر قومی اور بین الا قوامی اداروں نے خصوصاً ورلڈ اکنامک فورم کی حالیہ رپورٹ میںنیب کی آگاہی اور تدارک کی پالیسی کو سراہا ہے جو نیب کیلئے اعزازکی بات ہے۔ نیب کے اس وقت 1229 بدعنوانی کے ریفرنسز معزز احتساب عدالتوں میں زیر سماعت ہیں جن کی مالیت تقریباََ 900 ارب روپے سے زائد ہے۔ چیئرمین نیب نے نیب کے تمام ڈائریکٹر جنرلز کو ہدایت کی کہ شکایات کی جانچ پڑتال ، انکوائریاں اور انوسٹی گیشنز مقررہ وقت کے اندر قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچائی جائیں اور تمام انوسٹی گیشن آفیسرز اور پراسیکوٹرز پوری تیاری ، ٹھوس شواہد اور قانون کے مطابق معزز عدالتوں میں نیب کے مقدمات کی پیروی کریں تاکہ بدعنوان عناصر کو قانون کے مطابق سزا دلوائی جاسکے۔

ای پیپر-دی نیشن