• news

ایس او پیز کی خلاف ورزی‘ لاہور 3282 ‘ ننکانہ 43 ‘ فیصل آباد میں 10 دکانیں سیل

لاہور‘ چونیاں‘ گجرات‘ فیصل آباد‘ سمبڑیال‘ ننکانہ صاحب (نیوز رپورٹر + نمائندگان + نوائے وقت رپورٹر) حکومتی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر لاہور سمیت دیگر شہروں میں کارروائیاں جاری ہیں۔ تفصیلات کے مطاب ضلعی انتظامیہ لاہور نے دکانداروں اور ٹرانسپورٹرز کی ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے کے حوالے سے 14 مئی تا 8 جون تک کی رپورٹ جاری کر دی ہے۔ ڈی سی لاہور دانش افضال نے کہا کہ 18792 دکانوں اور پبلک ٹرانسپورٹ کو چیک کیا گیا۔ 3282 دکانوں پر خلاف ورزی پائی گئی، جنہیں سیل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ 54 دکانداروں کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج کروایا گیا۔ ڈی سی لاہور دانش افضال نے کہا کہ خلاف ورزی پر 729 گاڑیوں کے چالان کئے گئے اور 5 لاکھ 84 ہزار 600 روپے کے جرمانے عائد کئے گئے جبکہ 28 گاڑیوں کو بند کیا گیا۔ دریں اثناء اسسٹنٹ کمشنر کینٹ مرضیہ سلیم نے ایڈیشنل سی ای او کے ہمراہ والٹن کے علاقے کا دورہ کیا۔ خلاف ورزی پر 15 دکانوں کو سیل کر دیا گیا اور 10ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ سمبڑیال میں ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر 9 دکانوں کو سیل اور متعدد دکانداروں کو مجموطی طور پر 30 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ ڈاکٹر ناصر محمود بشیر کی خصوصی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال محمد اظہارالحق باجوہ کی زیر نگرانی اسپیشل مجسٹریٹس پرائس کنٹرول نائب تحصیلدار شبیر حسین ، سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی سمبڑیال چوہدری اختر حسین باگڑی، نائب تحصیلدار پرویز اختر اورتحصیل سپورٹس آفیسر عدنان سلیم نے سمبڑیال وگردونواح میں کرونا وائرس کے حوالے سے حکومتی احکامات اورایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے والے دکانداروں کی 9دکانیں سیل اور متعدد دکانداروں کو مجموعی طور پر30 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا ہے۔ فیصل آباد میں اسسٹنٹ کمشنر انڈر ٹریننگ زنیرہ احمد نے تحصیل جڑانوالہ میں مارکیٹوں اور بازاروں میں حکومتی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 10 دکانوں کو سیل اور دکانداروں کو 35 ہزار روپے جرمانہ کیا۔ انہوں نے مختلف علاقوں میں دکانوں کو چیک کیا اور سماجی فاصلہ قائم نہ رکھنے‘ سینی ٹائزر کی عدم موجودگی اور فیس ماسک کا استعمال نہ کرنے پر ایکشن لیا۔ ننکانہ صاحب میں کرونا وائرس کے پیش نظر حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے پر 43 دکانیں سیل‘ مجموعی طور پر 34 ہزار روپے جرمانہ وصول کیا گیا جبکہ متعدد دکانوں کو وارننگ نوٹس جاری کئے گئے۔ ڈپٹی کمشنر راجہ منصور احمد نے ضلع بھر میں حکومتی ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع بھر کی مارکیٹوں‘ بازاروں‘ درزی کی دکانوں‘ پٹرول پمپوں اور پبلک ٹرانسپورٹ میں کرونا وائرس کے پیش نظر حکومتی احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے والوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران 43 دکانوں کو سیل کر کے مجموعی طور پر 34 ہزار روپے جرمانہ وصول کیا گیا۔ علاوہ ازیں پبلک ٹرانسپورٹ میں حکومتی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 5 گاڑیوں کے چالان کر کے بھاری جرمانہ وصول کیا گیا۔ چونیاں میں حکومتی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 50 سے زائد دکانوں پر مشتمل مارکیٹ، ایک سوئمنگ پول سیل کر دیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر عدنان بدر‘ چونیاں نے مختلف علاقوں میں تجارتی مراکز، مختلف مارکیٹوں اور بازاروں کا دورہ کیا۔ خالد مارکیٹ سے متصل مارکیٹ کو حکومتی ایس او پیز کی خلاف ورزی پرسیل کر دیا۔ گجرات میں ضلعی انتظامیہ نے مختلف علاقوں میں ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنیوالی 8دکانوں کو سیل کر دیا ہے جبکہ 14دکانوں اور ایک فیکٹری کو وارننگ جاری کر دی۔ ڈپٹی کمشنر گجرات کی ہدایت پر جاری کارروائی کے دوران اسسٹنٹ کمشنرز نے مختلف بازاروں، مارکیٹو ں کی چیکنگ کی اس دوران 22 دکاندار اور ایک صنعتی یونٹ ایس او پیز کی خلاف ورزی کی مرتکب پائے گئے۔

ای پیپر-دی نیشن