کرونا ٹیسٹنگ میں اضافہ، ٹڈی دل کیخلاف معاونت کرنا چاہتے ہیں،جاپانی سفیر
اسلام آباد(نوائے وقت نیوز) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل سے پاکستان میں جاپان کے سفیر متسودا کونینوری نے ملاقات کی۔ اس موقع پر جاپانی سفیر نے کہا کہ پاکستان بیک وقت کورونا وائرس کی وبا اور ٹڈی دل کے دوہرے مسائل کا شکار ہے۔ جاپانی سفیر نے پاکستان میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ جاپان کورونا ٹیسٹنگ کی استعداد میں اضافہ کیلئے پاکستان کی ممکنہ معاونت کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک انتہائی اہم زرعی ملک ہے، جاپان پاکستان میں ٹڈی دل کے تدارک کے لئے ادویات اور مشینری مہیا کرے گا اور ٹڈی دل سے متاثرہ کسانوں کو مالی امداد بھی فراہم کرے گا۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے اس موقع پر کہا کہ ٹڈی دل اور کورونا کے ساتھ ساتھ مون سون میں سیلاب بھی متوقع ہیں۔ مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ تعاون پر جاپانی حکومت کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹڈی دل کے تدارک کیلئے جدید مشینری کے حصول کا خواہاں ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل سے ڈاکٹر طاہر شمسی نے ملاقات کی اورپلازمہ تھراپی کے ذریعے کورونا مریضوں کے علاج کے حوالہ سے تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں ملک میں پلازمہ تھراپی کی موجودہ سہولیات کا جائزہ لیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ پلازمہ تھراپی کے ذریعے علاج کی سہولیات کو وسیع کیا جائے گا۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ اس سلسلہ میں این ڈی ایم اے ضروری سہولیات مہیا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ رضاکارانہ پلازمہ عطیہ کرنے والوں کے لیے خصوصی ہیلپ لائن شروع کر رہے ہیں۔ پلازمہ عطیہ کرنے والے افراد کی تمام معلومات کو صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔ لیفٹیننٹ جنرل افضل نے کہا کہ کورونا سے صحت مند ہونے والے زیادہ سے زیادہ لوگ اپنا پلازمہ عطیہ کریں۔