• news

فیصل آباد،تیل کے کارخانے میں آتشزدگی، مزید 2 مزدور جاں بحق، تعداد 5 ہوگئی

فیصل آباد (این این آئی) استعمال شدہ تیل کو صاف کرنے والے کارخانے میں آگ لگنے سے 5 مزدور جھلس کر جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے۔اسسٹنٹ کمشنر ایوب بخاری کے مطابق سدھار کے علاقے میں استعمال شدہ تیل صاف کرنے والے کارخانے میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے کارخانے کے بڑے حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔واقعہ کی اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کی 12 گاڑیوں نے 5 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا تاہم آتشزدگی کے واقعے میں فیکٹری میں موجود 4 مزدور جھلس کر موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک مزدور ہسپتال میں دوران علاج چل بسا،اس کے علاوہ 4 مزدور زخمی بھی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے الائیڈ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔علاوہ ازیں حکومت پنجاب نے سدھارکے قریب آئل ریفائنری فیکٹری میں آگ لگنے کے واقعہ کی جانچ پڑتال کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کمیٹی کے کنوینر ہونگے جبکہ ممبران میں ڈائریکٹر لیبر ویسٹ،ڈی او انڈسٹریز،نمائندہ پولیس اور ڈی او ریسکیو 1122شامل ہیں۔کمیٹی فیکٹری کی متعلقہ قواعد وضوابط کے تحت قانونی حثیت کی جانچ پڑتال کرنے کے علاوہ آگ لگنے کی وجوہات،ذمہ داروں کا تعین،متاثرین کے لئے مالی امداد کی فراہمی اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی سفارشات پیش کرے گی۔کمیٹی آئندہ 7 روز میں رپورٹ محکمہ لیبر وہیومن ریسورس کو جامع رپورٹ پیش کرے گی۔

ای پیپر-دی نیشن