امریکی شہری سنتھیا رچی کو پاکستان میں فول پروف سیکورٹی دینے کی ہدایات
اسلام آباد(نیوز رپورٹر) سینٹ کی مجلس قائمہ برائے داخلہ کے چئیرمین سینیٹر رحمان ملک نے امریکی شہری سنتھیا رچی کو پاکستان میں فول پروف سیکورٹی دینے کی ہدایات دی ہیںجبکہ ان کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی بھی تصدیق کی ہے۔ ان کے ترجمان کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وفاقی سیکرٹری داخلہ، آئی جی پولیس و چیف کمشنر اسلام آباد کو سنتھیا رچی کو مکمل سیکورٹی دینے کا مراسلہ 8جون کو جاری ہوا ہے، سینٹر رحمان ملک نے سیکرٹری داخلہ و آئی جی پولیس و چیف کمشنر اسلام اباد کو ہدایت کی کہ وہ سنتھیا ڈان رچی کو ان کی رہائش گاہ اور نقل و حرکت کے دوران فول پروف باکس سیکیورٹی کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ ترجمان کی جانب سے اس بات کی بھی تصدیق کی گئی ہے کہ ان کا نام ای سی ایل میںڈال دیا گیا ہے اور اس حوالے سے چئیرمین سینیٹ قائمہ کمیٹی داخلہ کی ہدایات پر خط 8 جون کو سیکرٹری سینٹ کمیٹی داخلہ نے وفاقی سیکرٹری داخلہ کو بھیجا ہے۔ ترجمان کے مطابق شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی کرداکشی پر سنتھیا رچی کیخلاف ایف آئی اے و دیگر عدالتوں میں مختلف کیسز زیر التوا ہیں۔ سینتھیا رچی کیخلاف ملک کی متعدد عدالتوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں میں شکایات درج ہوئی ہیں۔ سنتھیا رچی کا متعدد کیسوں میں عدالت اور دوسرے اداروں کے سامنے پیش ہونا ضروری ہے۔عدالتوں میں موجودگی کو یقینی بنانے کے لئے سنتھیا رچی کا نام ای سی ایل میں شامل کیا جائے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو پاکستان کی دو بار منتخب وزیراعظم رہ چکی ہیں۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی کردارکشی کی مہم چلانا ایف آئی اے سائیبر قوانین کے تحت قابل سزا جرم ہے۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے امریکی بلاگر سنتھیا رچی کو10کروڑ روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجوایا جس میں ’دست درازی سے متعلق جھوٹے‘ اور ’غیر سنجیدہ ‘ الزام پر معافی مانگنے اور اپنے الزامات کو واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔اس حوالے سے سابق وزیر اعظم کے بیٹوں علی حیدر اور قاسم نے ٹوئٹ میں اظہار کیا۔