ٹڈی دل کیخلاف آپریشن ، 3 لاکھ 26 ہزار ہیکٹر رقبہ کا سروے
اسلام آباد (نامہ نگار+نوائے وقت نیوز) ملک بھر میں ٹڈی دل کے خلاف آپریشن کے تحت گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 لاکھ 26 ہزار ہیکٹر رقبہ کا سروے جبکہ 10ہزار ہیکٹر رقبہ پر ٹڈی دل کو تلف کرنے والی ادویات کا اسپرے کیا گیا، آپریشن میں 1123 ٹیموں نے حصہ لیا۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق اس وقت ملک کے51 اضلاع میں ٹڈی دل موجود ہے۔ بلوچسستان کے 33، خیبر پختونخوا کے 10، پنجاب کے 2 اور سندھ 6 اضلاع متاثر ہوئے۔ بلوچسستان میں خضدار، آواران، نوشکی، چاغی، گوادر، اتھل، کیچ، پنجگور، خاران، وشک اور کوئٹہ کے علاوہ دیگر اضلاع بھی متاثر ہیں۔کے پی میں ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، شمالی و جنوبی وزیرستان، لکی مروت، کرک، کرم، اورکزئی، پشاور اور خیبر کے اضلاع متاثر ہیں۔ سندھ میں گھوٹکی، سانگھڑ، سکھر، شہید بے نظیر آباد، مٹیاری اور شکارپور میں ٹڈی دل کے حملے جبکہ پنجاب میں ڈیرہ غازی خان اور میانوالی کے اضلاع میں ٹڈی دل رپورٹ ہوا۔ ٹڈی دل کے متاثرہ علاقوں کا سروے اور کنٹرول آپریشن جاری ہے۔ 1123 ٹیموں نے لوکسٹ کنڑول آپریشن میں حصہ لیا۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میں 3 لاکھ 26 ہزار ہیکٹر رقبہ کا سروے ہوا جبکہ 10ہزار ہیکٹر رقبہ پر ٹڈی دل کو تلف کرنے والی ادویات کا اسپرے کیا گیا۔