پی ٹی آئی دھاندلی سے اقتدار میں آئی‘ نااہلی پر استعفیٰ دے: فضل الرحمن
لاہور (خصوصی نامہ نگار) جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ملک میں جاری کرونا صورتحال میں حکومت کی پالیسیاں ناکام نظر آرہی ہیں۔ نااہل حکمرانوں کو حکومت کا حق نہیں۔ حکومت نااہلی کا اعتراف کرے اور استعفیٰ دے۔ تحریک انصاف دھاندلی کے ذریعے اقتدار میں آئی ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانافضل الرحمن نے کہا کہ موجودہ حکومت میں ملک دیوالیہ ہوچکا، بجٹ بنانے میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔ مکمل ایس او پیز کے تحت دینی مدارس سمیت دیگر سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کو سرگرمیاں جاری رکھنے کی اجازت دی جائے۔ تعلیمی ادارے بند رکھنے سے طلباء کا قیمتی سال ضائع ہونے کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔ کرونا کی وجہ سے عام آدمی میں خوف پھیلایا جا رہا ہے۔ عام آدمی کو کرونا کا مہنگا ٹیسٹ کرانا پڑ رہا ہے۔ گزشتہ روز پنجاب کے وزیر اطلاعات و نشریات فیاض الحسن چوہان نے کہا تھا کہ مولانا فضل الرحمان نے قوم سے لوٹے اربوں روپوں میں سے ایک روپیہ بھی کرونا مخالف اقدامات پر نہیں لگایا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا تھا کہ مولانا فضل الرحمان خیبر پی کے اور بلوچستان کے عوام کو سہانے خواب دکھا کے ووٹ لیتے رہے ہیں۔