• news

کرونا سے ارکان اسمبلی کی حفاظت ترجیح‘ 62 ہزار پاکستانیوں کو واپس لائے: شاہ محمود

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بتایا ہے کہ اب تک ساٹھ ممالک سے 62 ہزار پاکستانیوں کو وطن واپس لایا جا چکا ہے۔26 ممالک میں موجود تبلیغی جماعت سے وابستہ 2054 پاکستانیوں میں سے 2018 کو واپس لایا گیا ہے۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی وطن واپسی کے عمل کو انتہائی منظم اور مربوط انداز میں سر انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے ایک اجلاس کو یہ تفصیلات بتائیں۔ دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔ وزیر خارجہ نے شرکا اجلاس کو وزارت خارجہ اور بیرون ملک پاکستانی سفارتخانوں کی بہترین کارکردگی اور اب تک وطن واپس لائے گئے پاکستانیوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ آئندہ بجٹ اجلاس کے انعقاد کے طریقہ کار کے حوالے سے شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس گزشتہ روز وزارت خارجہ میں منعقد ہوا۔اجلاس میں مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے خصوصی شرکت کی۔دفتر خارجہ کے مطابق سماجی فاصلے سمیت دیگر ضروری احتیاطی تدابیر کو پیش نظر رکھتے ہوئے، قومی اسمبلی میں، نشستوں کی، موجود گنجائش پر بھی غور و خوص کیا گیا۔ بجٹ اجلاس کے ورچول انعقاد کے حوالے سے بھی تفصیلی مشاورت کی گئی اور تکنیکی پہلووں کا جائزہ لیا گیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کرونا وبائی صورتحال کے پیش نظر، قومی اسمبلی کی حفاظت کو یقینی بنانا، اولین ترجیح ہے۔بجٹ اجلاس کے طریقہ کار کے حوالے سے حتمی فیصلہ، وبائی صورتحال اور تمام ممکنہ پہلوں کو سامنے رکھتے ہوئے، اتفاق رائے سے کیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن