میاں چنوں :نادرا آفس کی چھت گر گئی ‘خاتون جان بحق ‘انچارج ‘17ملازمین سمیت 29زخمی
میاں چنوں (نامہ نگار) جی ٹی روڈ پر واقع نادرا آفس میاں چنوں کی چھت گر گئی۔ عملے کے 17ملازمین سمیت 29افراد ملبے تلے دب گئے۔ انچارج نادرا آفس میاں چنوں رانا انتظار حسین دو ملازمین سمیت 18افراد زخمی، ایک خاتون جاں بحق۔ میاں بیوی سمیت دوخواتین اور ایک شخص کو حالت تشویشناک ہونے پر نشتر ہسپتال ملتان ریفر کر دیا گیا۔ اطلاع ملنے پر ڈپٹی کمشنر خانیوال، اسسٹنٹ کمشنر میاں چنوں سمیت ریسکیو 1122کا ضلعی آفیسر موقع پر پہنچ گئے تفصیل کے مطابق نادرا آفس میاں چنوں کی چھت گرنے سے عملے کے 17ارکان سمیت متعدد شہری ملبے تلے دب گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق نادرا آفس میاں چنوں میں روٹین ورک کے دوران دفتر کی چھت پر مرمت کا کام ہو رہا تھا۔ اسی اثناء میں چھت گر گئی تو ملازمین اور شہریوں نے دفتر سے بھا گ کر نکلنے کی کوشش کی۔ ملبے تلے دب کر کچی آبادی میاں چنوں کی رہائشی 35سالہ نذیرہ پروین زوجہ شہباز اکرم ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئی جبکہ زخمیوں میں ظہور احمد، زین، عبدالرحمن، آصف علی، انچارج نادرا آفس میاں چنوں رانا انتظار حسین، طارق جاوید، محمد سہیل ، عمران، آصف، اسد اللہ، شمیم بی بی، اختر، شمیم، رانا محمد سلیم، محمد اشفاق، حمیدا ں بی بی، شاہد شریف، اقراء طارق زخمی ہوگئی۔ حالت تشویشناک ہونے پر چک نمبر129پندرہ ایل کے رہائشی محمد طارق اور اقراء طارق اور 124/15-Lکی شمیم بی بی کو نشتر ہسپتال ملتان ریفر کردیا گیا۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122میاں چنوں کی ٹیمیں ٹریفک پولیس کے ملازمین، پولیس تھانہ سٹی میاں چنوں، اسسٹنٹ کمشنر میاں چنوں اور شہریوں کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ گئی۔ ریسکیو کے ملازمین نے ملبے تلے دبنے والے نادرا کے ملازمین اور شہریوں کو نکالا۔ ڈپٹی کمشنر خانیوال آغا ظہیر عباس شیرازی، ڈسٹرکٹ آفیسر ریسکیو1122ڈاکٹر اعجاز انجم اور سول ڈیفنس بھی موقع پر پہنچ گئے۔ ڈپٹی کمشنر خانیوال آغا ظہیر عباس شیرازی، اسسٹنٹ کمشنر میاں چنوں نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میاں چنوں زخمیوں کی عیادت کی اور واقع کی تحقیقات شروع کر دی۔ ذرائع سے یہ معلوم ہوا ہے کہ نادرا کی جانب سے کرایہ پر حاصل کی جانے والی یہ بلڈنگ انتہائی غیرمعیاری تھی اور اس کی چھت کے درمیان پلر بھی نہیں تھے۔ چھت لینٹر کی بجائے ٹی آر گارڈر پر مشتمل تھی لیکن نادرا کے ڈپٹی ڈائریکٹر وہاڑی زون منظور الحق نے کمیشن کے چکر میں بلڈنگ کرایہ پر حاصل کی۔