برطانوی ہائی کمشنر کی این ڈی ایم اے کے چیئرمین سے ملاقات
لندن ‘اسلام آباد (عارف چودھری ‘نوائے وقت نیوز) پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر کرسٹن ٹرنر نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل سے ملاقات کی اور پاکستان میں کرونا اور ٹڈی دل سے پیدا شدہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے برطانوی ہائی کمشنر کو کوویڈ اور ٹڈی دل کے حوالہ سے کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ پاکستان میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر آئسولیشن بیڈز اور وینٹیلیٹرز کی طلب بڑھ گئی ہے۔ برطانیہ کووڈ کے مریضوں کیلئے آکسیجن والے بیڈز اور بائی پیپ ونٹیلیٹرز کے حصول میں معاونت فراہم کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ سے ٹڈی دل سپرے کیلئے مائیکرون سپریئرز کی جلد ترسیل کو ممکن بنایا جائے۔ برطانوی ہائی کمشنر نے کورونا وباء کے تناظر میں این ڈی ایم اے کے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ برطانوی حکومت پاکستان کو مشکل کی اس گھڑی میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ کرسٹن ٹرنر نے کہا کہ کوویڈ مریضوں کیلئے آکسیجن والے بیڈز اور بائی پیپ وینٹیلیٹرز کی فراہمی کیلئے انٹرنیشنل پارٹنرز کے ساتھ مل کر کوشش کر رہے ہیں۔ پاکستان کو ٹڈی دل کیلئے مائیکرون سپریئر کی ترسیل جلد کر دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تکنیکی معاونت اور معلومات کا تبادلہ انتہائی اہم ہے۔