ریگولیٹری سینڈ بکس میں اندراج کیلئے کمپنیوں کی درخواستوں پر نتائج کا اعلان
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) سکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان نے سٹارٹ اپز اور کمپنیوں کی جانب سے ایس ای سی پی کے متعارف کردہ ریگولیٹری سینڈ بکس میں اندراج کے لئے موصول درخواستوں کا جائزہ لینے کے بعد نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں ایس ای سی پی کو کل 32 درخواستیں موصول ہوئیں تھیں جن میں سے 13 کمپنیوں کی جانب سے پیش کئے گئے جدید کاروباری آئیڈیاز کو مزید تفصیلی جانچ پڑتال کے مرحلے کے لئے منتخب کر لیا گیا ہے۔ ایس ای سی پی نے مالیاتی شعبے میں جدت اور نئی نئی مصنوعات اور خدمات کے فروغ کے پیش نظر، جنوری میں ملک کے پہلے ریگولیٹری سینڈ بکس کو متعارف کروایا تھا اور کمپنیوں سے ریگولیٹری سینڈ بکس میں شمولیت کے لئے درخواستیں طلب کی گئی تھیں۔ ریگولیٹری سینڈ بکس میں کاروباری ادارے کسی بھی پراڈکٹ، خدمت، طریقہ کار یا بزنس ماڈل کو محدود پیمانیپر ایک کنٹرولڈ ریگولیٹری ماحول میں تجرباتی طور پر متعارف کروا سکتے ہیں۔ ریگولیٹری سینڈ بکس کی سہولت ایس ای سی پی کے ریگولیٹری فریم ورک میں آنے والے تمام شعبوں جیسے کہ انشورنس، کپیٹل مارکیٹ، نان بینکنگ فنانشل سیکٹر اور تمام کارپوریٹ سیکٹر کے لئے ہے۔ ریگولیٹری سینڈ بکس میں اندراج کے لئے کمپنیوں اور سٹارٹ اپز کی جانب سے ایکویٹی کراوڈ فنڈنگ، رئل اسٹیٹ کراوڈ فنڈنگ، عطیات اور انعامات کی بنیاد پر کرواڈ فنڈنگ کی مختلف اسکیموں کی تجاویز پیش کی گئیں۔ اس کے علاوہ ڈیجیٹل انشورنس اور ڈیجیٹل انشورنس بروکر کے کاروباری ماڈل، مصنوعات کی مختلف جدید طریقوں سے ڈسٹری بیوشن، کاروبار کے لئے براہ راست قرضوں اور بچت کی ڈیجیٹل سکیموں، آنلائن میوچل فنڈز اور سونے کی آن لائن فروخت ڈیجیٹل اور الیکٹرانک کرنسی کے کاروباری آئیڈیاز کو سینڈ بکس کے تحت تجرب کرنے کی درخواستیں دی گئیں۔ کمیشن نے ان تمام درخواستوں کا جائزہ لینے کے بعد پہلے مرحلے کے لئے 13 درخواستوں کو جانچ پرٹال کے اگلے مرحلے کے لئے شامل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ ان درخواستوں میں تجویز کی گئی کاروباری سکیموں کا ہر حوالے سے جائزہ لینے کے بعد انہیں 6 ماہ کے لئے خصوصی ریگولیٹری فریم ورک کے اندر تجرباتی طور پر چلانے کی اجازت دے دی جائے گی۔