شہباز شریف کی حکومت پر تنقید ہوا میں تیر چلانے کے مترادف: فیاض الحسن چوہان
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے)پنجاب کے وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان نے اوورسیز پاکستانیوں کی واپسی پر شہباز شریف کے بیانات پر ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کی بے تکی بیان بازی ڈرائنگ روم کی سیاست کا عملی نمونہ بن چکی ہے حقائق کی موجودگی کے باوجود شہباز شریف کی حکومت پر تنقید ہوا میں تیر چلانے کے مترادف ہے حکومت بیرون ملک پاکستانیوں کو ملک واپس لانے کے لیے ہر ممکن وسائل استعمال کر رہی ہے یو اے ای سے 10500 پاکستانیوں کی واپسی کے لیے 46 سپیشل فلائٹس چلائی جا رہی ہیںاور 15جون تک یو اے ای سے تمام پاکستانیوں کو وطن واپس لایا جائیگا حال ہی میں جدہ سے 287اور بغداد سے 248 پاکستانیوں کو وطن واپس لایا گیا ہے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ انٹرنیشنل فلائٹ آپریشن کی دستیابی کے تحت دیگر ممالک سے بھی پاکستانیوں کی واپسی جاری ہے اوربیرونِ ملک ہمارے سفارت خانے اپنے ہم وطنوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہے ہیں پاکستان میں لینڈ ہونے والی ہر فلائٹ کے مسافرکا ٹیسٹ کیا جاتا ہے اورآنے والے مسافرین ہمارے سفارت خانوں اور ایئرپورٹس پر سٹاف اور افسران کے پیشہ ورانہ رویے کے معترف ہیں ٹکٹوں کی بلیک میں زائد قیمتوں پر فروخت کا پراپیگنڈہ بھی متعدد مسافرین کی گواہیوں کے بعد دم توڑ گیااورکوئی بھی پرائیویٹ ٹریول ایجنسی یا ایجنٹ پی آئی اے کی ٹکٹ بیچنے کی مجاز نہیں ہے انہوں نے کہا کہ مسافروں سے التماس ہے کہ وہ سفارت خانے سے تصدیقی کال آنے پر بذاتِ خود اپنی ٹکٹ کی قیمت ادا کریں۔