ن لیگ، جے یو آئی کا پارلیمنٹ کے اندر اور باہر مل کر چلنے پر اتفاق
اسلام آباد (محمد نواز رضا / وقائع نگار خصوصی ) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے پاکستان مسلم (ن) اور جمعیت علما ء اسلام نے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر مل کر چلنے پر اتفاق رائے کیا گیا ہے۔ تاہم مولانا فضل الرحمن نے اپوزیشن کی بے عملی کا شکوہ کیا اور کہا کہ اگر اپوزیشن اپنا کردار بھرپور انداز میں انداز میں ادا کرتی تو آج موجودہ حکومت ختم ہو چکی ہوتی۔ مولانا فضل الرحمنٰ نے اپوزیشن جماعتوں کی مصلحت پر مبنی سیاست پر مایوسی کا اظہار کیا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے وفد نے مولانا فضل الرحمنٰ کو میاں شہباز شریف کا پیغام پہنچایا اور کہا کہ ہم مل کر کام کریں گے۔ تاہم مولانا فضل الرحمنٰ نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں محدود تعداد میں ارکان قومی اسمبلی کی شرکت کا سپیکر کے ایس اوپیز قبول کرنے پر مسلم لیگی وفد سے گلہ کیا۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللہ کی قیادت میں پارٹی وفد کی مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کے دوران 18ویں ترمیم ، نیب قانون میں ترمیم پر مشترکہ موقف اختیا ر کرنے پر اتفاق کیا۔ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ اپوزیشن بے بس نہیں ہے، فروری مارچ میں کرونا نہ آتا تو حالات کچھ اور ہوتے۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ کرونا نے سب سے زیادہ اپوزیشن کو متاثر کیا ہے، جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے ان کی رہائش گاہ پرملاقات کی جس میں خرم دستگیر، محسن رانجھا بھی شامل تھے۔ رانا ثناء اللہ نے بتایا ہے کہ ہم مولانا فضل الرحمن کی خیریت دریافت کرنے آئے ہیں۔ 18ویں ترمیم سمیت دیگر ایشوز پر بات ہوئی ہے۔ اے پی سی پنجاب اور پشاور کی سفارشات پر بھی غور کیا گیا۔