• news

رمضان شوگر ملز ریفرنس پر سماعت یکم جولائی تک ملتوی ،حمزہ شہباز کو جیل سے لا کر پیش کیا گیا

لاہور( این این آئی) احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز ریفرنس پر سماعت یکم جولائی تک ملتوی کر دی ، مسلم لیگ(ن) کے صدر و قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف کرونا وائرس کی رپورٹ مثبت آنے پر عدالت میںپیش نہ ہوئے جبکہ پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کو جیل سے لا کر عدالت میں پیش کیا گیا۔سماعت کا آغاز ہونے پر عدالت نے استفسار کیا کہ شہباز شریف کہاں ہے؟ ۔جس پر شہباز شریف کے وکیل نے میڈیکل رپورٹ جمع کراتے ہوئے بتایا کہ انہیں کرونا وائرس ہوا ہے اور وہ قرنطینہ ہوچکے ہیں۔شہباز شریف وکیل نے موقف اپنایا کہ متعلقہ مریض کو تین ہفتوں کے لیے قرنطینہ کرتے ہیں ۔استدعا ہے کہ رمضان شوگر مل کیس کو تین ہفتوں کے لیے ملتوی کیا جائے۔عدالت نے کہا کہ میڈیکل کے مطابق چودہ دن بعد رپورٹ ہوتی ہے ۔دوران سماعت عدالت نے حمزہ شہباز کو بغیر اجازت کمرہ عدالت میں بیٹھنے پر برہمی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ کو کوئی مسئلہ ہو تو عدالت کی اجازت سے بیٹھتے ہیں،عدالت کے قوانین کا احترام رکھا جائے۔عدالت نے کیس کی سماعت یکم جولائی تک ملتوی کر دی ۔حمزہ شہباز کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پرلیگی کارکن بھی اظہار یکجہتی کیلئے پہنچے تاہم پولیس نے رکاوٹیں لگا کر انہیں آگے بڑھنے سے روکدیا۔

ای پیپر-دی نیشن