عوامی حمایت سے ہر چیلنج پر قابو پائیں: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت اجلاس میں صوبے میں کرونا وباء کا پھیلاؤ روکنے کیلئے حفاظتی اقدامات کا جا ئزہ لیاگیا۔ وباء کا پھیلاؤ کم کرنے کیلئے لاہور شہر کیلئے علیحدہ حکمت عملی مرتب کرنے کے حوالے سے ماہرین نے تجاویز کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں ہسپتالوں میں بستروں کی گنجائش بڑھانے اور متاثرہ مریضوں کیلئے موثر کیس مینجمنٹ کے امور پر غورکیا گیا۔ اجلاس میں سیلاب کے ممکنہ خدشے کے حوالے سے لاہور اور دیگر شہروں میں ضروری انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان، جنرل آفیسر کمانڈنگ میجر جنرل محمد انیق الرحمن ملک، ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل محمد عامر مجید، صوبائی وزیر اور اعلی عسکری و سول حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کے شرکاء نے پنجاب خصوصاً لاہور میں کرونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ لاہور شہر میں کرونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے مینجمنٹ کی علیحدہ موثر پالیسی مرتب کی جائے گی اور اس ضمن میں ماہرین پر مشتمل خصوصی ورکنگ گروپ تشکیل دینے پر اتفاق کیا گیا۔ خصوصی ورکنگ گروپ کی سفارشات کی روشنی میں لاہور شہرکیلئے علیحدہ ماڈل تیار کیا جائے گا۔ ورکنگ گروپ کی سفارشات کو نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اجلاس میں حتمی منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کمیونٹی ٹرانسمیشن کی روک تھام کیلئے مزید اقدامات کئے جائیں گے اور کرونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ کرونا کا پھیلاؤ کم کرنے کیلئے سول اور عسکری اداروں میں کوآرڈینیشن کو مزید موثر بنانے اور مشترکہ کاوشوں کو مزید تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ صوبے میں ماسک کی پابندی پرسختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ مارکیٹو ں اور بازاروں میں ایس او پیزکی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ وباء کے حوالے سے مستقبل کی صورتحال کو مدنظر رکھ کرپیشگی ضروری پلاننگ کی جائے گی۔ موجودہ صورتحال میں تعلیمی ادارے نہیں کھولے جائیں گے۔ سیلاب کے ممکنہ خدشے کے پیش نظر تمام حفاظتی اقدامات قبل از وقت مکمل کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان نے پنجاب حکومت کو کرونا وباء کا پھیلاؤ روکنے کیلئے ہرممکن معاونت کی یقین دہانی کرائی۔ کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان نے کہا کہ کرونا ایک قومی چیلنج ہے، سول حکومت کو مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔ عثمان بزدار نے کہا کہ صورتحال مشکل ضرور ہے لیکن ہم سب کا عزم اس سے بلند ہے۔ باہمی تعاون اور عوام کی حمایت سے ہر چیلنج پر قابو پائیں گے۔زمینی صورتحال کا جائزہ لے کر عوام کی زندگیاں محفوظ کرنے کیلئے مزید اقدامات جاری رکھیں گے۔ عوام کو موجودہ حالات میں ذمہ داری کا ثبوت دینا ہو گا۔ سیاسی و عسکری قیادت عوام کے تعاون سے کرونا چیلنج سے بطریق احسن نمٹ رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ لاہور اور دیگر شہروں کیلئے علیحدہ علیحدہ پالیسی جلد مرتب کی جائے اوراس ضمن میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔ عثمان بزدار نے نان، روٹی کے نرخوں میں استحکام کیلئے ہرممکن انتظامی اقدامات کرنے کا حکم دیا ہے۔ عثمان بزدار نے کہاکہ صوبائی کابینہ کمیٹی برائے پرائس کنٹرول نان، روٹی کی قیمتوں میں اضافہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے اورانتظامیہ بھی نان، روٹی کی مقررہ کردہ نرخوں میں دستیابی یقینی بنائے۔ عوام کو مقررہ کردہ نرخوں پر نان، روٹی کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی اور مقرر کردہ نرخوں سے زائد وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔ نان، روٹی کی قیمت میں بلاجواز اضافہ کرنیوالوں کیخلاف قانون حرکت میں آئے گا۔ عثمان بزدار نے شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر حملے کی مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے حملے میں شہید ہونے والے دو جوانوں کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ عثمان بزدار نے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاہ ے کہ چائلڈ لیبر سماجی ومعاشی مسئلہ ہے -معصوم بچوں سے مشقت لینا مجرمانہ فعل ہے۔ جن معصوم ہاتھوں میں قلم اور کتاب ہونی چاہیے بد قسمتی سے ان ہاتھوں میں آج بھی اوزار ہیں۔