بھاشا ڈیم اور داسو ڈیم سمیت آبی وسائل 69ارب، توانائی،بجلی کیلئے 80ارب مختص
اسلام آباد (قاضی بلال) سرکاری شعبہ کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت پٹرولیم، پاور اور آبی وسائل ڈویژنوں کے جاری اور نئے منصوبوں کیلئے مجموعی طور پر سات ارب روپے سے زائد مختص کرنے کی تجویز ہے۔ پی ایس ڈی پی کے مطابق آئندہ مالی سال کے دوران پٹرولیم ڈویژن کی5 نئی سکیموں پر ایک ارب 66 کروڑ روپے سے زائد اور تین نئی سکیموں پر 12 کروڑ 34 لاکھ روپے سے زائد خرچ کئے جائیں گے۔ اس سلسلہ میں رشکئی اقتصادی زون میں30 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی فراہمی کیلئے ایک ارب 15 کروڑ 30 لاکھ روپے، دھابیجی خصوصی اقتصادی زون کو 13.5 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی فراہمی کیلئے 30 کروڑ 31 لاکھ روپے سے زائد، اسلام آباد، لاہور، ملتان، کوئٹہ اور پشاور میں ایچ ڈی آئی پی کی ٹیسٹنگ سہولیات کو بہتر بنانے کیلئے 10 کروڑ روپے اور کراچی میں ایچ ڈی آئی پی کی لیبارٹریوں کی بہتری اور آئی ایس او سرٹیفکیشن کیلئے 5 کروڑ 54 لاکھ روپے سے زائد مختص کئے گئے ہیں۔ توانائی اور بجلی کے لیے 80 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں ۔آبی وسائل خصوصا ً دیامیر بھاشا، مہمند اور داسو کے لیے خاطر خواہ مالی وسائل فراہم کئے گئے ۔آبی وسائل کے لیے مجموعی طور پر 69 ارب روپے مختص کیے گئے۔آئندہ مالی سال 2020-21 کے دوران پاور ڈویژن کے دس مختلف نئے منصوبوں کیلئے 2012.980 ملین روپے کا ترقیاتی بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق ان منصوبوں پر اخراجات کا مجموعی تخمینہ 8980.992 ملیان روپے جبکہ غیرملکی امداد کے عنصر میں 49.120 ملین روپے کا بجٹ رکھا گیا ہے۔ آئندہ مالی سال کے دوران پی ایس ڈی پی میں شامل کئے گئے تمام نئے منصوبے سنٹرل ڈیویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی)سے منظور شدہ ہیں۔ پی ایس ڈی پی کے مطابق نئے شامل کئے گئے منصوبوں میں دھابیجی میں خصوصی اقتصادی زون منصوبہ میں 250 میگاواٹ بجلی کی فمراہمی کا 1000 ملین روپے کا منصوبہ اور پلیسکو کے تحت پشاور، خیبر اور بنوں میں اے بی سی کیبل کیلئے 350 ملین روپے جبکہ بن قاسم انڈسٹیرل پارک میں 132 کے وی گرڈ اسٹیشن کی تعمیر کا 300 ملین روپے کا منصوبہ بھی شامل ہیں۔