وفاق المدارس نے بجٹ میں مختص 5 ارب روپے مسترد کر دیئے
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وفاق المدارس العربیہ پاکستان نے بجٹ میں مدارس اصلاحات کے لیے مختص 5 ارب روپے کی رقم کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مدارس اصلاحات کے لیے 5 ارب روپے مختص کرنا بہت سے شکوک و شبہات کو جنم دیتا ہے۔ وفاق المدارس کے قائدین نے کہا ہے کہ ایسے وقت میں جب تمام مدارس میں تعلیمی سرگرمیاں معطل ہیں بجٹ میں یہ خطیر رقم مختص کرنا حیران کن ہے۔ مدارس کے بجلی گیس کے بل معاف کیے گئے نہ ریلیف فنڈ میں مدارس کے اساتذہ و طلبہ کا کوئی حصہ رکھا گیا اور اب مدارس اصلاحات کے لیے عین اس موقع پر اتنی خطیر رقم نہ جانے کس ایجنڈے کا حصہ ہے۔ مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق سکندر، مولانا انوار الحق اور مولانا محمد حنیف جالندھری نے بجٹ میں مدارس اصلاحات کے لیے 5 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کرنے کو مسترد کر دیا ہے۔ وفاق المدارس کے قائدین نے واضح کیا ہے کہ دینی مدارس کا نظام کسی قسم کی حکومتی امداد کے بغیر صدیوں سے چل رہا ہے اور آئندہ بھی مدارس کسی قسم کے حکومتی بجٹ کو قبول نہیں کریں گے۔