راولپنڈی میں ہولناک دھماکہ، ایک شخص جاں بحق، 12 زخمی
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) تھانہ کینٹ کے علاقے کوئلہ سینٹر میں جمعہ کی شب ہولناک دھماکے سے ایک شخص جاں بحق اور 12شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں تین بچے بھی شامل ہیں۔ دھماکے کی اطلاع کے فوری بعد قانون نافذ کرنے والے ادارے، ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پہنچ گئیں۔ پولیس نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ سی پی او محمد احسن یونس بھی جائے وقوعہ پہنچ گئے دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اسکی آواز دور دور تک سنی گئی ارد گرد کے رہائشی بڑی تعداد میں امدادی کاموں میں پولیس کے ساتھ شامل ہوگئے۔ آدمجی روڈ سے ہاتھی چوک ، چھوٹا بازار کے راستے مکمل بند کردئے گئے بم ڈسپوزل سکواڈ کی ٹیمیں بھی پہنچ گئیں زخمیوں کو فوری طبی امداد کیلئے ریسکیو1122 کی ٹیموں نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال پہنچایا جہاں زخمیوں کے عزیز و اقارب بھی پہنچ گئے ابتدائی طور پر بتایا گیا کہ دو سے تین کلو بارودی مواد بجلی کے کھمبے کے ساتھ نصب کیا گیاتھاتاہم حتمی فیصلہ ماہرین کی رپورٹ ملنے کے بعد ہی آئے گا دھماکہ میں ریڑھی بان عارفین ولد آزاد موقع پر جاں بحق ہوگیا جس کی نعش ہسپتال منتقل کردی گئی شہر اور کینٹ کی سکیورٹی بڑھا دی گئی جاں بحق ریڑھی بان عارفین ٹنچ بھاٹہ کا رہائشی تھا دھماکے میں تین بچے چھ سالہ عباس ، آٹھ سالہ سفیان ، سات سالہ ولی شامل ہیں جبکہ زخمی ہونے والے نو افراد کے نام عمران ولد اقبال ، شمریز ولد یعقوب ، ناصر ولد افسر ، شاہد ولد علی محمد ، فدا بخش ولد فیض بخش ، حماد ولد بلال ، حر ولد نثار ، احمد دین ولد نور دین فراز ولد الیاس شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق کوئی زخمی زیادہ سیریس حالت میں نہیں ہے۔سی ٹی ڈی نے راولپنڈی دھماکے کی رپورٹ جاری کر دی۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دھماکے میں بال بیرنگ استعمال نہیں ہوئے۔ دھماکے سے پھلوں کی ریڑھی اور دو موٹر سائیکیں بھی تباہ ہوئیں۔ دھماکے میں استعمال ہونے والے مواد کا پتہ لیب رپورٹ سے چلے گا۔