• news

پی ٹی آئی ایم ایف بجٹ معیشت کو سونامی کی طرح تباہ کردے گا: بلاول

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں پی پی پی اراکین پارلیمان کا زرداری ہاؤس میں ویڈیو لنک پر اجلاس ہوا۔ ماہرین نے پی پی پی اراکین پارلیمان کو عوام دشمن بجٹ کے حوالے سے بریفنگ دی۔ پی پی پی اراکین کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ جی ایس پی میں اضافے کے بجائے پٹرولیم لیویز میں اضافہ کر کے صوبوں کو ان کے شیئر سے محروم کرنے کی کوشش کی گئی، پاکستان کی معیشت کا 70 فیصد انحصار زراعت پر ہے اور یہ بجٹ زراعت دشمن ہے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی ٹی آئی ایم ایف بجٹ ہماری معیشت کو سونامی کی طرح تباہ کردے گا، حکومتی بجٹ سے شعبہ صحت اور شعبہ زراعت کو تباہ کن نقصانات ہوں گے۔ اگر بجٹ کے خلاف عوام نے مزاحمت نہ کی تو غربت اور قحط جیسی صورت حال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ سلیکٹڈ وزیراعظم عوام سے اس بات کا انتقام لے رہے ہیں کہ انہیں ووٹرز نے حق رائے دہی کا استعمال کر کے منتخب کیوں نہیں کیا۔ وفاقی بجٹ کے اعداد و شمار اس بات کا اظہار ہیں کہ ملک کو تباہی کی سمت ڈال دیا گیا ہے۔ بجٹ میں کرونا وائرس کی وباء اور ٹِڈی دَل کے حملوں کو نظرانداز کرنا افسوس ناک ہے، وفاقی بجٹ میں طبی عملے، تنخواہ دار طبقے، پنشنرز اور پسماندہ افراد کو نظرانداز کیا گیا، بجٹ میں بزرگوں کی پنشن نہ بڑھا کر انہیں مجبور کیا گیا کہ وہ وباء کے دنوں میں گھر سے باہر نکلیں، دنیا اپنے بزرگوں کے گھر پر رہنے کی تدابیر کر رہی ہے اور ہم انہیں گھر سے نکالنے کی صورت پیدا کر رہے ہیں، پی ٹی آئی ایم ایف بجٹ دراصل اشرافیہ کے لئے تیار کیا گیا ہے۔ وفاقی بجٹ میں عام آدمی اور غریبوں کے لئے کوئی ریلیف نہیں ہے، پی پی پی بجٹ کو مسترد کرچکی ہے اور اب ہر فورم پر اس کی مخالفت کی جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن