• news

مقبوضہ کشمیر : بھارتی فوج کا نام نہاد آپریشن ، 4نوجوان شہید، نعشیں ورثا کو دینے سے انکار

سرینگر(اے این این )مقبوضہ کشمیر میں آپریشنز کے جاری سلسلے میں سکیورٹی فورسز نے دو مختلف واقعات میں 4نوجوانوں کو شہید کر دیا۔مقبوضہ جموں وکشمیر کے ضلع کولگام کے نپورہ علاقہ میں ایک آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے مابین جھڑپ میں دو عسکریت پسند شہید ہو گئے۔ ساوتھ ایشین وائر کے مطابق پولیس نے بتایا کہ پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کاروائی کی جا رہی ہے۔بتایا جا رہا ہے کہ ضلع کولگام کے دیوسر گنورہ علاقہ کو سکیورٹی فورسز ,جموں و کشمیر پولیس کی مشترکہ ٹیم ، فوج کے 19 راشٹریہ رائفلز اور سنٹرل ریزرو پولیس نے جمعہ کی رات اس وقت محاصرہ میں لے لیا جب انہیں وہاں پر عسکریت پسندوں کے موجود ہونے کی مصدقہ اطلاع ملی۔ سکیورٹی فورسز نے علاقہ میں تلاشی شروع کی جس کے بعد دونوں جانب سے گولیوں کا تبادلہ شروع ہو گیا۔دوسری جانب ، اننت ناگ کے للہن علاقے میں ہفتے کو مشترکہ آپریشن بھی شروع کیا گیا جس میں 2 نوجوان شہید ہو گئے ۔رواں ہفتے جنوبی کشمیر میں یہ چوتھا مقابلہ ہے۔ اس سے قبل ضلع شوپیان میں تین الگ الگ مقابلوں میں حزب الجاہدین کے ایک اعلی کمانڈر سمیت 14 عسکریت پسند شہید ہوگئے تھے۔ ساوتھ ایشین وائر کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں مختلف علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران یکم جون سے 27نوجوان شہید ہو چکے ہیں۔جبکہ ایک درجن سے زائد مکانات تباہ کر دئے گئے۔ساوتھ ایشین وائر کے مطابق ضلع کولگام میں 2000سے اب تک45مختلف واقعات میں 76افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔جبکہ129واقعات میں 152عسکریت پسنداور 73 شہری شہید کئے گئے ۔ضلع میں اسی عرصے میں 38سکیورٹی فورسز کے اہلکار بھی مارے گئے۔ مقبوضہ جموں وکشمیر میں رواں سال 2020میں123کشمیریوں کو شہید کر دیا گیا۔جن میں جنوری میں 22،فروری میں 12، مارچ میں 13، اپریل میں 33 اور مئی میں 16کشمیریوں کو شہید کیا گیا۔جبکہ 29سکیورٹی اہلکار ہلاک ہوئے۔پولیس کے مطابق رواں سال اسلحہ برآمدگی کے60واقعات ریکارڈ کئے گئے۔ساوتھ ایشین وائر کے مطابق اس سال دھماکوں کے 16واقعات میں21شہریوںاور ایک سکیورٹی اہلکار کی اموات ہوئیں جبکہ14سکیورٹی اہلکارزخمی ہوئے۔سال 2020میں 62مختلف واقعات میں 127افراد کو گرفتار کیا گیا۔گزشتہ ایک ماہ میں حزب المجاہدین کے 4 کمانڈر شہید کئے گئے ہیں جن میں ریاض نائکو ، ڈاکٹر سیف اللہ ، جنید احمد صحرائی اور فاروق احمد بھٹنالی شامل ہیں۔پولیس کے مطابق رواں برس تاحال 37 واقعات میں 91 عسکریت پسند شہید کئے گئے ہیں جن میں حزب المجاہدین کے اعلی کمانڈر ریاض نائیکو سمیت دیگر پانچ کمانڈر شامل ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں 250 کے قریب عسکریت پسندوں کے حمایتی بھی حراست میں لئے ہیں۔ بھارتی فوج نے شہداء کی نعشیں ورثاء کو دینے سے انکار کردیا۔ نوجوانوں کی فرضی جھڑپ میں شہادت کیخلاف کشمیریوں نے شدید احتجاج کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن