وفاقی بجٹ عوام دوست، اپوزیشن نے خالی نعروں سے کرونا کیخلاف مہم چلائی : عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ اپوزیشن جماعتوں کا کرونا جیسی وبا پر رویہ قابل مذمت اور قابل افسوس ہے۔ اہم ترین قومی مسئلے پر بھی اپوزیشن رہنماؤں نے پوائنٹ سکورنگ سے گریز نہیں کیا۔ قوم جانتی ہے کہ اپوزیشن رہنماؤں نے خالی نعرے لگا کر کرونا کے خلاف ’’مہم‘‘چلائی۔22کروڑ عوام اپوزیشن جماعتوں کی منفی سیاست سے متنفر ہو چکے ہیں۔ وباء میں متاثرہ لوگو ں کو تنہا چھوڑ کر اپوزیشن جماعتیں سیاست چمکانے میں مصروف رہیں۔ اپوزیشن کے پاس کرونا کا نہیں بلکہ اپنی کرپشن کے تحفظ کا ایجنڈا ہے۔ مشکل وقت میں دکھی انسانیت کو اکیلا چھوڑ نے والے اپوزیشن رہنماؤں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔ عمران خان کی قیادت میں حکومت نے ہر فیصلہ مشاورت سے کیا۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت متاثرہ بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اورکھڑی رہے گی۔ عثمان بزدار نی ڈاکٹر مظہر محمود شیرانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال، کرونا سے نمٹنے کے لئے اقدامات پر بات چیت ہوئی، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کے حوالے سے پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔ دونوں رہنماؤں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم وستم اور لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے واقعات کی شدید مذمت کی۔ عثمان بزدار نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں وفاقی حکومت نے مشکل حالات میں بہترین، متوازن اور عوام دوست بجٹ پیش کیا ہے۔ عمران خان، وفاقی وزیرحماد اظہر اوران کی ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں۔اپوزیشن کو ٹیکس فری بجٹ پر بھی تنقید برائے تنقید زیب نہیں دیتی۔ بجٹ میں ترجیحات کا درست تعین کیاگیا ہے اور موجودہ حالات میں اس سے بہتر بجٹ پیش نہیں کیا جاسکتا۔ بجٹ میں غریب اور کم وسیلہ طبقات پر کوئی بوجھ نہیں ڈالا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کیلئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل آئی جی کی تعیناتی کیلئے پوسٹوں کی منظوری دے دی ہے۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ بہت جلد فنکشنل ہوجائے گا۔ جنوبی پنجاب کے لوگوں کو کام کے سلسلے میں لاہور کا سفر نہیں کرنا پڑے گا، جنوبی پنجاب کے عوام کو ان کا حق واپس کررہے ہیں، ماضی کے حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کے عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا،کئی برس تک انہیں کھوکھلے نعروں کے ذریعے بہلایا گیا، انہوں نے کہاکہ سابق حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کی ترقی کے نام پر لئے گئے فنڈ اپنے حلقوں پر لگائے جبکہ ہماری حکومت نے ترقیاتی فنڈز کی غیر منصفانہ تقسیم کاباب بند کردیا ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت جنوبی پنجاب کے عوام سے کئے گئے وعدے نبھا رہی ہے۔ پسماندہ علاقوں کی ترقی پر پورا فوکس ہے۔ بھارت بے بنیاد الزامات کی آڑ میں خطے کو جنگ کی آگ میں جھونکنا چاہتا ہے۔ شہری آبادی پر حملے کے واقعات نہایت قابل مذمت اور بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ بھارت بزدلانہ کارروائیاں کرکے کشیدگی کو ہوا دے رہا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام سے مقامی لوگوں کو ریلیف ملے گا۔تحریک انصاف کی صوبائی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس 15 جون کو ہوگا۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار صدارت کریں گے۔