کرونا سے متاثر شیخ رشید کی طبیعت ناساز سی ایم ایچ منتقل ‘ ٹویٹرآپریٹر جاں بحق
اسلام آباد/ راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ/ نمائندہ نوائے وقت) کرونا کا شکار وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کی طبیعت ناساز ہونے پر سی ایم ایچ راولپنڈی منتقل کر دیا گیا۔ ترجمان کے مطابق شیخ رشید احمد کی طبیعت شام سے ہی خراب تھی۔ کرونا وائرس سے متاثر ہیں۔ دوسری طرف وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا ذاتی ٹویٹر اکاؤنٹ چلانے والا سید عاصم اچانک دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوگیا ۔ ہفتہ کو وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے سید عاصم کی وفات پر اظہار افسوس اور لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ شیخ رشید احمد نے کہاکہ عاصم کی ذاتی دلچسپی ،محبت اور خلوص سے میرے ٹویٹر فالورز کی تعداد پچاس لاکھ سے اوپر پہنچ گئی۔کراچی کے رہائشی سید عاصم نے اپنے لواحقین میں ایک بیوی اور تین بچے چھوڑے ہیں، ان کی عمر چالیس برس تھی۔