پٹرول بحران‘ احتجاج جاری: ایک دو روز میں صورتحال بہتر ہو گی‘ ڈی جی آئل
لاہور‘ نارنگ منڈی‘ ننکانہ صاحب(نیٹ نیوز‘ نامہ نگاران‘ نمائندگان سے) خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں گزشتہ روز بھی پٹرول نہ ملنے کی شکایات ملیں۔ جس کے باعث 2 ہفتے بعد بھی شہریوں کی تکالیف میں کمی نہ آسکی۔ دوسری جانب کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں صورت حال بہتر ہونے لگی ہے، تاہم کچھ پٹرول پمپس گزشتہ روزبھی بند رہے۔ ڈائریکٹر جنرل آئل شفیع الرحمان نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ملک میں پٹرول کی 80 فیصد فراہمی بحال ہو چکی ہے اور آئندہ ایک سے دو روز میں صورت حال معمول پر آجائے گی۔ دوسری طرف بیشتر چھوٹے شہروں میں بند پمپ اتوار کے روز بھی نہ کھل سکے۔ سپلائی والے پٹرول پمپس پر بدستور گاڑیوں، موٹرسائیکلوں کی قطاریں لگی رہیں۔ جبکہ منافع خور منی ایجنسیوں پر 150روپے لٹر تک پٹرول فروخت کرتے رہے۔ اوکاڑہ میں اے سی نے چیکنگ کے دوران 7پمپ مالکان کو وارننگ جاری کر دی جبکہ سیفٹی انتظامات نہ کرنے پر مجموعی طور پر ایک لاکھ 35ہزار روپے کے جرمانے عائد کئے گئے۔ سمبڑیال میں مہنگا پٹرول بیچنے پر ایک ایجنسی ہولڈر کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ہفتہ وار 2چھٹیوں کی پابندی نہ کرنے پر 19دکانیں بھی سیل کر دی گئیں۔ ننکانہ صاحب میں بھی پٹرول کی قلت سے لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ ننکانہ صاحب شہر بھر میں پچھلے دو ہفتوں سے پٹرول کی بدترین قلت برقرار ہے۔ شہریوں کے لئے موٹر سائیکل کی سواری کرنا بھی محال ہوگیا۔ شہریوں کا حکومت کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یکم جون کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد ہی ضلع بھر میں پٹرول نایاب ہوگیا تھا اور صرف مخصوص پٹرول پمپوں پر لمبی لمبی قطاروں کے بعد بمشکل 100یا 200 روپے کا پٹرول حاصل کرتے ہیں۔ حکومت سے بہت سی امیدیں وابستہ تھیں مگر موجودہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔ سمبڑیال میں گورنمنٹ نرخوں سے پٹرول مہنگے داموں فروخت کرنے والے ایجنسی ہولڈر کے خلاف مقدمہ درج جبکہ کرونا وائرس کے باعث ہفتہ وار 2چھٹیوں کی پابندی نہ کرنے اور ایس اوپیز پر عملدرآمد نہ کرنے پر 19دکانیں سیل کر دی گئیں۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال محمد اظہار الحق کی زیر نگرانی ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر محمد تنویر نے گورنمنٹ نرخوں سے پٹرول مہنگے داموں فروخت کرنے والے ایجنسی ہولڈر محمد ارشد ولد محمد اسماعیل سکنہ ساہووالہ کے خلاف مقدمہ درج کیا۔ اوکاڑہ میں ڈپٹی کمشنر عثمان علی کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر سیدہ آمنہ مودودی کا پٹرول پمپوں کا دورہ پٹرول کی دستیابی کو یقینی بنانے سمیت پٹرول پمپس پر سٹاف اور پیمانے چیک کئے۔ تحصیل کے 49 پٹرول پمپس میں سے 7 کو وارننگ جاری کی گئی جبکہ 6 کو حکومتی ہدایات کی خلاف ورزی اور سیفٹی کے انتظامات نہ کرنے پر ایک لاکھ 35 ہزار روپے جرمانے عائد کئے گئے اور ایک پٹرول پمپ مالک کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ بھلوال میں قائم درجنوں پٹرول پمپوں میں سے کسی ایک پر بھی عام پٹرول کی فراہمی ممکن نہیں ہوسکی جسکی وجہ سے عوام سخت پریشان ہیں۔ کسی بھی پٹرول پمپ پر پٹرول ملنے کی اطلاع پر لمبی قطار لگ جاتی ہے۔ نارنگ منڈی و گردونواح میں پٹرول کی عدم دستیابی پرچودھویں روز بھی عوام کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ جبکہ منی پٹرول پمپ مالکان من مانی کرتے رہے۔ عوامی حلقوں نے احتجاج کرتے بتایا کہ پٹرول پمپ مالکان منی پٹرول پمپ والوں کو تیل فراہم کر رہے ہیں۔