پرویز الٰہی‘ وجاہت حسین‘ مونس الٰہی‘ طارق محمود مرحوم کے گھر گئے‘ اہلخانہ سے تعزیت
گجرات (نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی، سابق وفاقی وزیر چودھری وجاہت حسین اور مونس الٰہی ایم این اے نے ممتاز مسلم لیگی رہنماو سماجی ،کاروباری شخصیت چودھری طارق محمود دراجی کی وفات پر اظہار تعزیت کیلئے ان کی رہائش گاہ پر گئے۔ اس موقع پر انہوں نے مرحوم کے بیٹوں چودھری بابر ایڈووکیٹ دراجی اور چودھری رحمان دراجی کے ساتھ دعائے فاتحہ کی اور مرحوم کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ مرحوم طارق دراجی نے گجرات میں پاکستان مسلم لیگ کی بڑی خدمت کی ہے ان کی کاوشوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ ان کا خلاء پُر ہونا مشکل ہے۔ چودھری پرویز الٰہی نے مرحوم کی جانب سے گجرات میں سکول و کالج بنانے اور اس کو احسن طریقے سے چلانے کے کام کو سراہا۔ چودھری وجاہت حسین اور چودھری مونس الٰہی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اہل گجرات ہمارے خاندان کی طرح ہیں، ہم مسلم لیگی کارکنوں اور ورکروں کو اپنا خاندانی فرد سمجھتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اہل گجرات بھی ہمیں ویسا ہی پیار اور محبت دیتے ہیں۔ چودھری مونس الٰہی نے کہا کہ مرحوم طارق محمود دراجی میرے دوستوں کی طرح تھے۔ اکثر اوقات ہم اکٹھے بیٹھ کر گجرات کی ترقی اور فلاح و بہبود کے بارے میں مشاورت کرتے تھے۔ دعائے فاتحہ کے موقع پرسابق چیئر مین چودھری پرویز بشیر، ضیغم عباس گوندل و دیگر بھی موجود تھے۔