واربرٹن: پولیس کے مبینہ تشدد سے 50سالہ خاتون جاں بحق ، 3اہلکار معطل
واربرٹن (نامہ نگار) واربرٹن پولیس کے مبینہ تشدد سے 50سالہ خاتون جاں بحق ہوگئی۔ڈی پی او ننکانہ نے 3 اہلکاروں کو معطل کر کے حوالات میں بند کر دیا ۔تفصیل کے مطابق واربرٹن کے نواحی گائوں ڈفر کھوکھراں کے رہائشی محنت کش شوکت علی کھوکھر کی بیٹی جمیلہ بی بی نے اپنے حقیقی بھائی احسان کیخلاف تھانہ واربرٹن درخواست دی تھی کہ احسان اسے تشدد کر کے مارنا چاہتا ہے جس پر تھانہ واربرٹن کے اے ایس آئی نصیر احمد دو کانسٹیبلوں ساجد علی اور عارف کے ہمراہ گزشتہ دوپہر ڈفر کھوکھراں گئے تو اس وقت گھر میں کوئی مرد موجود نہ تھا پولیس نے خواتین کو ڈرایا دھمکایا اہل خانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس ان کے 8سالہ بچے آصف کو زبردستی ساتھ لیجانے کی کوشش کر رہی تھی جس پر خواتین نے احتجاج کیا تو پولیس اہلکاروں نے 50سالہ خاتون نسیم بی بی کو تھپڑ اور رائفل کے بٹ مارے جس سے نسیم بی بی موقع پر جاںبحق ہوگئی تو پولیس اہلکار فرار ہوگئے۔ اطلاع ملنے پر ڈی ایس پی ننکانہ غلام رسول موقع پر پہنچ گئے اور جائے وقعہ کا معائنہ کیا، ایس ایچ او تھانہ واربرٹن عبدالخالق نے پولیس اہلکاروں کیخلاف مقدمہ درج کر کے حوالات میں بند کر دیا ۔