• news

کرونا روکنے کیلئے زمینی حقائق پالیسی پر گامزنا سلام آباد میں 800 بیڈ بڑھائے‘ شبلی فراز

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ حکومت نے کمزور مالی وسائل کے باوجود صحت کی سہولیات میں تقریباً تین گنا اضافہ کیا ہے۔ وفاقی دارالحکومت کے ہسپتالوں میں 800 بیڈز کا اضافہ کیا گیا ہے حکومت ملک میں کرونا وائرس کے پھیلائو کی روک تھام کیلئے زمینی حقائق پر مبنی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر روزانہ کی بنیاد پرصورتحال کا جائزہ لے کر فیصلے کر رہا ہے۔ اگلے ماہ کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں متوقع اضافہ کے پیش نظر حکومت کی جانب سے ممکنہ تیاری کے حوالہ سے انہوں نے کہاکہ دنیا میں صحت کا کوئی بھی نظام اس قسم کے بڑے بحران کا مقابلہ نہیں کر سکتا تاہم حکومت صورتحال سے مؤثر اندازمیں نمٹنے کیلئے بھرپورکوشش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان سہولیات میں وینٹی لیٹرز کی تعداد 2800 سے بڑھا کر 4800 کی گئی ہے جبکہ مزید 1400 وینٹی لیٹرز کا انتظام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پی کے اور پنجاب میں آکسیجن والے بستروں(Oxygenated بیڈز) سمیت ہزاروں بستروں کی فراہمی شامل ہے۔

ای پیپر-دی نیشن