مقبوضہ کشمیر میں بچوں پر مظالم‘ غیر قانونی حراست پر سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کو تشویش
نیو یارک(نیٹ نیوز) سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی جانب سے بچوں پر جاری مظالم، چھرے والی بندوق کے استعمال اور انہیں غیرقانونی طورپر زیرحراست رکھنے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔بچوں اور مسلح تنازع پر ایک سالانہ رپورٹ میں، جواقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے خصوصی نمائندے ورجینیا گامبا کی جانب سے نیویارک میں جاری کی گئی، انتونیو گوتریس نے بھارت پر زوردیا کہ فوری طور پر ایسی کارروائیاں ختم کرے۔گوتریس نے کہا کہ رات کے چھاپوں کے دوران بچوں کی گرفتاری، انہیں فوجی کیمپوں میں رکھنے، دوران حراست تشدد، کسی الزام اور قانونی کارروائی کے بغیر قید کرنے سے متعلق انہیں سخت تشویش ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہونے والی زیادہ تر شہادتیں دوران حراست تشدد، فائرنگ اور چھرے والی بندوق کے استعمال کے نتیجے میں ہوئیں۔ادھر اقوام متحدہ کے سربراہ نے رپورٹ میں اس بات کا خیرمقدم اور اعتراف کیاہے کہ پاکستانی حکومت نے ملک میں پولیو سے بچائو کے قطرے پلانے والے کارکنوں کے تحفظ کیلئے کوششیں کی ہیں۔