• news

کرونا پھیلائو پر تحقیق کیلئے پاکستان ، ڈبلیو ایچ او مین مفاہمتی یاداشت پر دستخط

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان کے وزارت صحت اور عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے درمیان ’’یونٹی سٹڈی‘‘ سے متعلق مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوگئے جس کے تحت پاکستان میں قومی سطح پر تحقیق کے ذریعے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی کیفیت کا ادرک کیا جائے گا۔ اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا کہ ہیلتھ سروسز اکیڈمی اور آغا خان یونیورسٹی ہسپتال نے مشترکہ طور پر ایک منصوبہ تیار کرکے ڈبلیو ایچ او کو دیا تھا جسے منظور کرلیا گیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ قومی سطح پر کی جانے والی اس تحقیق کے نتائج کرونا کے پھیلاؤ سے متعلق وضع کردہ پالیسی اور پلاننگ بھی معاون ثابت ہوں گے۔ طفر مرزا نے پاکستان کے انتخاب پر ڈبلیو ایچ او سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ تحقیق کے بعد ہم عالمی سطح پر بیماری کے پھیلاؤ کی کیفیت پر بات کرسکیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پوری دنیا سے 25 ممالک کا انتخاب کیا اور جنوبی ایشیا سے صرف پاکستان منتخب ہوا کہ جہاں قومی سطح پر مختلف علاقوں سے نمونے حاصل کیے جائیں گے۔ ظفر مرزا نے بتایا کہ 'اگلے مہینے کے آخر میں سٹڈی کے نتائج سامنے آسکیں گے، جس کی بنیاد پر کہہ سکیں گے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی کیفیت کیا ہے'۔ اس موقع پر ڈبلیو ایچ او کی کنٹری ہیڈ ڈاکٹر پالیتھا ماہی پالا نے بتایا کہ مذکورہ تحقیق مقامی اور عالمی سطح پر غیرمعمولی اہمیت کی حامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈبلیو ایچ او عالمی اعانت اور تکنیکی امداد فراہم کررہا ہے۔ بعدازاں مفاہمت کی یادداشت پر ڈبلیو ایچ او کی جانب سے پاکستان میں کنٹری ہیڈ ڈاکٹر پالیتھا ماہی پالا اور ہیلتھ سروس اکیڈمی کے وائس چانسلر ڈاکٹر اسد حفیظ نے دستخط کیے۔

ای پیپر-دی نیشن