پراسیکیوٹرز نیب کیسز میں حاضری کو یقنی بنائیں : چیئرمین
لاہور‘اسلام آباد (نا مہ نگار‘نیٹ نیوز) چیئرمین نیب جسٹس (ر )جاوید اقبال نے کہا ہے کہ عدالتوں میں نیب کیسز کی پیروی کے لیے پراسیکیوٹرز حاضری کو یقینی بنائیں، عدالتوں میں پراسیکیوٹرز کی عدم حاضری پر کیسز خارج نہیں ہونے چاہئیں، عالمی اقتصادی فورم اور ٹرانسپیرنسی انٹر نیشنل نے لوگوں کو بدعنوانی کے مضر اثرات سے متعلق آگاہی پیدا کرنے پر نیب کی آگاہی حکمت عملی کو سراہا ہے، یہ نیب کی شاندار کامیابی ہے۔ نیب اعلامیہ کے مطابق بدھ کو چیئرمین نیب کی زیر صدارت نیب ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں کرونا اقدامات پر اجلاس ہوا، اجلاس میں ڈپٹی چئیرمین نیب، پراسیکیوٹر جنرل اکائونٹبلٹی، ڈائریکٹر جنرل آپریشنز، ڈی جی نیب ہیڈ کوارٹرز، ڈی جی ہیومن ریسورس ڈیویلپمنٹ، ڈی جی ٹریننگ اینڈ ریسرچ، ڈی جی اویئر نیس اور سینئر افسران نے شرکت کی جبکہ تمام علاقائی بیوروز کے ڈائریکٹر جنرلز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی، اجلاس میں کووڈ19کے دوران اختیار کیے گئی جامع حکمت عملی کا جا ئزہ لیا گیا، اجلاس کو بتایا گیا کہ چئیرمین نیب کی ہدایت پر نیب ہیڈکوارٹرز اور تمام علاقائی دفاتر میں وزٹرز کے داخلے پر پابندی عائد ہے، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عدالتوں میں نیب کیسز کی پیروی کے لیے پراسیکیوٹرز حاضری کو یقینی بنائیں، عدالتوں میں پراسیکیوٹرز کی عدم حاضری پر کیسز خارج نہیں ہونے چاہئیں۔ انہوں نے افسران کو نیب کے دفاتر میں صبح 9 سے دن 3بجے تک حاضری یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی جبکہ متعلقہ ڈائریکٹر جنرلز اپنے اپنے دفاتر میں سٹاف کی پچاس فیصد تعداد کو کم کریںپچاس کی عمر یا مختلف بیماریوں کا شکار افسران کو صرف ایمر جنسی کی صورت میں دفاتر میں بلایا جائے، خواتین افسران کو گھر سے کام کر نے کی اجازت ہو گی، داخلی گیٹ پر سٹاف کی تھرمل گنزکے ذریعے خصوصی چیکنگ کی جائے۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ تمام نیب دفاتر میں کرونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، کرونا وائرس کی وجہ سے نیب افسران کی سرکاری ٹرانسپورٹ بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نیب اعلامیہ میں نیب سٹاف کو بائیو میٹرک حاضری سے مستثنی قرار دے دیا گیا ہے۔ اسی طرح سے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نیب کی حراست میں موجود ملزمان کا ڈاکٹروں سے خصوصی ٹیسٹ کرایا جائے گا اور ان کوکرونا وبا سے بچانے کے لے طبی سہولیات، ماسک، سینیٹائزر، دستانے اور ضروری سامان مہیا کیا جائے گا، چئیرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے کہا کہ سخت حفاظتی اقدامات کے ذریعے ہی کرونا وائرس کی وبا سے بچا جا سکتا ہے۔