کرونا : اموات 3033، ڈیکسامیتھازون مفید دوا: ظفر مرزا، کل سے غیر ملکی ایئر لائنز کو اجازت
اسلام آباد، فیصل آباد، گوجرانوالہ، بیجنگ (وقائع نگار خصوصی+نامہ نگار+ وقائع نگار+ خصوصی نمائندہ + شنہوا) نوول کرونا وائرس پاکستان میں ایک لاکھ 57 ہزار 738 لوگوں کو متاثر اور 3 ہزار 33 کی جانیں لے چکا ہے۔ نئے کیسز 5 ہزار 785 جبکہ اموات میں 133 کا اضافہ ہوا ، مزید 2047 افراد اس وائرس سے مکمل شفایاب ہوگئے۔وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کے مطابق صوبے میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا کے 2115 بئے مریض سامنے آئے ہیں۔ متاثرین کی تعداد 59 ہزار 983 ہوگئی ہے۔مراد علی شاہ نے وائرس سے مزید 30 افراد کے جاں بحق ہونے کی بھی تصدیق کی جس کے بعد سندھ میں اموات کی تعداد 916 ہوگئی ہے۔ صوبہ پنجاب میں کرونا وائرس کے 2 ہزار 361 نئے کیسز اور ایک روز کی ریکارڈ 68 اموات کا اضافہ ہوا۔مریضوں کی مجموعی تعداد 58 ہزار 239 تک پہنچ گئی۔ اموات کی تعداد 1081 سے بڑھ کر 1149 تک پہنچ گئیں۔ اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں سامنے آنے والے کیسز کی تعداد 385 تھی، متاثر ہونے والوں کی تعداد 9 ہزار 242 تک جا پہنچی۔ 7 افراد زندگی کی بازی ہارگئے، اموات 83 سے بڑھ کر 90 تک پہنچ گئیں۔خیبر پختونخوا نے کرونا کے 506 نئے کیسز کی تصدیق، متاثرین 19 ہزار 613 ہوگئی۔ مزید 24 مریض جاں بحق ، اموات کی تعداد 755 ہوگئی ہے۔ بلوچستان نے کرونا کے مزید 357 کیسز کی تصدیق کی متاثرین کی تعداد 8794 ہوگئی۔صوبے میں وائرس سے مزید 4 اموات کی بھی تصدیق، جاں بحق مریضوں کی تعداد 93 ہوگئی ہے۔ گلگت بلتستان میں بھی کرونا سے مزید 21 لوگ متاثر ہوئے۔ تعداد ایک ہزار 143 سے بڑھ کر ایک ہزار 164 ہوگئی ہے۔ آزاد کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 40 نئے مریض وائرس سے متاثر ہوئے۔ تعداد 663 سے بڑھ کر 703 تک پہنچ گئی۔ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید 2047 افراد صحتیاب ہوگئے۔ تعداد 56 ہزار 390 سے بڑھ کر 58 ہزار 437 تک پہنچ گئی۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ کرونا مرض کے علاج کے لئے برطانیہ میں بہتر نتائج دکھانے والی دوائی ڈیکسا میتھازون کے پاکستان میں استعمال کا جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ عالمی ادارہ صحت نے کرونا مریضوں کے لئے ڈیکسا میتھازون کو خوش آئند کہا ہے۔ اس کے استعمال سے کرونا سے اموات میں کمی واقع ہوگی۔ پاکستان میں ماہرین کی کمیٹی اس دوا کے کرونا مریضوں پر استعمال پر غور کرے گی۔ ہمارے پاکستان میں ڈیکسا میتھازون کے بہت سے پروڈیوسر ہیں۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہاکہ پلیز ملاحظہ کریں ڈیکسا میتھازون صرف کرونا کے تشویشناک مریضوں کے لئے ہے، عام مریضوں پر دوا کا استعمال نہ کیا جائے، سیلف میڈیکشن سختی سے منع ہے اور خطرناک ہو سکتی ہے۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہاکہ دوا کے بہت سے سائڈ ایفیکٹ ہیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات اسد عمر کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا۔ جس میں ملک بھر میں کرونا کی روک تھام سے متعلق کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ٹیسٹ، ٹریک اور قرنطینہ کی حکمت عملی کے تحت سمارٹ لاک ڈائون لگایا گیا ہے۔ اجلاس میں ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت میں اضافہ،آئندہ6 ہفتوں کیلئے میڈیا کمیونیکیشن سٹریٹجی اور عیدالاضحی پر انتظامات سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 9 ہزار 827 ایس او پیز کی خلاف ورزی کے نتیجہ میں 963 مارکیٹس، دکانیں 18 صنعتوں، ایک ہزار 186 گاڑیوں کو جرمانے اور سیل کیا گیا۔ ٹی ٹی کیو پالیسی کے تحت ملک کے مختلف علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن کیا گیا۔ اسلام آباد میں 60 ہزار کی آبادی پر 10 جگہوں پر سمارٹ لاک ڈاؤن کیا گیا۔ اسلام آباد میں 85 ایس او پیز کی خلاف ورزی کے نتیجہ میں 64 دکانوں، مارکیٹس کی ساتھ ساتھ 10 گاڑیوں کو جرمانے اور سیل کیا گیا۔ دوسری طرف دنیا بھر میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 4 لاکھ 45 ہزار سے تجاوز کر گئی جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 82 لاکھ 57 ہزار سے تجاوز کر گئی۔ کرونا وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 43 لاکھ چھ ہزار سے زائد ہوگئی۔ دنیا بھر میں کرونا سے متاثرہ 54 ہزار 594 افراد کی حالت تشویشناک جبکہ 34 لاکھ 50 ہزار سے زائد افراد کی حالت تسلی بخش ہے۔ امریکہ میں کرونا سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 19 ہزار سے بڑھ گئی۔ امریکہ میں 22 لاکھ 8 ہزار سے زائد افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ بھارت میں کرونا سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 11 ہزار 9 سو سے بڑھ گئی جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 3 لاکھ 54 ہزار سے زیادہ ہو گئی۔ برطانیہ میں کرونا سے اموات کی تعداد 41 ہزار 9 سو سے بڑھ گئی جبکہ دو لاکھ 98 ہزار سے زائد افراد کرونا وائرس سے متاثر ہیں۔ اٹلی میں کرونا سے ہلاکتوں کی تعداد 34 ہزار 4 سو سے تجاوز کر گئی ہے ۔ سپین میں کرونا سے ہلاکتوں کی تعداد 27 ہزار ایک سو سے تجاوز کرگئی ۔ بھارت میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں ایک روز میں 10 ہزار 965 کا اضافہ ریکارڈ ہوا جس کے بعد وہ برطانیہ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دنیا میں چوتھے نمبر پر آ گیا۔ بھارت کے وزارت صحت کے مذکورہ کیسز میں اضافے کے بعد بھارت میں مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 97 ہزار 535 ہو گئی ہے جبکہ اب تک 8 ہزار 498 افراد اس وائرس کی وجہ سے ہلاک بھی ہو چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھارت میں ہلاکتوں کی تعداد میں 396 کا اضافہ ہوا ہے۔ بھارت کی تصدیق شدہ کیسز کی تعداد اب صرف امریکہ‘ برازیل اور روس سے پیچھے ہے۔چین کے نیشنل فارماسیوٹیکل گروپ (سائنو فارم) کے مطابق چین نے نوول کرونا وائرس کی ایک غیر فعال امیدوار ویکسین کے کلینیکل ٹرائلز کے فیز 1 اور فیز 2 کے نتائج کی پردہ کشائی کر دی ہے جس میں حفاظت اور افادیت کے اعتبار سے امید افزاء نتائج ظاہر ہوئے ہیں۔ سائنو فارم سے وابستہ چائنہ نیشنل بائیو ٹیک گروپ (سی این جی پی) کے تحت ووہان انسٹی ٹیوٹ برائے بائیولوجیکل مصنوعات کی تیار کردہ ویکسین کے 12 اپریل کو شروع ہونے والے کلینیکل ٹرائلز میں 18 سے 59 سال کے 1 ہزار 120 رضا کار شامل تھے۔ معروف سائنسدان ڈاکٹر عطاء الرحمان نے کہا ہے ڈیکسا میتھا زون زندگی بچانے والی والی دوا کے طور پر سامنے آئی۔ یہ دوا انسانی جسم کے مدافعتی نظام کی جانب سے خارج کردہ مضر مادوں پر قابو کرتی ہے اور سوزش کم کرتی ہے جو کرونا کے مریضوں کیلئے بہت مفید ہے۔ وزارت صحت اور ذرائع ابلاغ کی جانب سے کرونا وائرس کے متاثرین کی بحالی میں مفید ثابت ہونے والی دوائی مارکیٹ میں نایاب ہونے کے بعد ہزاروں روپوں میں فروخت ہونا شروع ہو گئی۔ گوجرانوالہ ڈویژن میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سابق صدر پی ایم اے ڈاکٹر گلزار سمیت7 افراد جاںبحق جبکہ مجموعی طور پر 136 افراد میں کرونا کی تشخیص کی۔